براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی تاریخی کامیابی، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مبارکباد

28 نومبر 2026
پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی تاریخی کامیابی، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مبارکباد

پاکستان کے پہلے خلاباز ذیشان علی نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پہنچ کر تاریخ رقم کردی۔ وہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی اور چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے۔ اس تاریخی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسلام آباد میں سپارکو کے ہیڈکوارٹرز سے ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ذیشان علی کی کامیابی نے پاکستانی نوجوانوں میں نئی امنگ اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کیا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کی موجودگی کو پاکستان اور چین کی مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کا ثبوت قرار دیا۔ ذیشان علی نے گفتگو کے دوران کہا کہ زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر بلندی پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور ان کا مشن منصوبے کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کی تلقین کی۔

40 سالہ خلاباز تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر 5 سے 10 روز قیام کریں گے، جہاں وہ سائنسی تجربات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان تجربات میں مستقبل کے خلائی مشنز کے لیے خوراک اور آکسیجن کے ممکنہ ذریعے کے طور پر مائیکرو الجی کی افزائش اور کوئنوا کے بیجوں پر خلائی ماحول کے اثرات کا مطالعہ شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ مشن پاکستان کے انسانی خلائی سفر کے آغاز کی علامت ہے اور اس سے حاصل ہونے والا علم ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

خبر شیئر کریں