براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

جمعیت علمائے اسلام : مولانا مفتی محمود سے حافظ اسعد محمود تک
ذبیح اللہ بلگن ✓

ذبیح اللہ بلگن

✍️ کالم نگار • تاشقند اردو
تمام کالمز

جمعیت علمائے اسلام : مولانا مفتی محمود سے حافظ اسعد محمود تک

28 نومبر 2026

چھٹی والے دن کے اور بھی کئی مسائل ہوں گے، تاہم قلم کاروں کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ جب وہ روزمرہ کے کام کاج سے فارغ ہوتے ہیں تو خواہ مخواہ ذہن دوڑانے لگتے ہیں۔ کبھی کچھ سوچتے ہیں اور کبھی کچھ۔ ایک بار کوئی بات یا موضوع ذہن میں آجائے تو پھر اس کی جان نہیں چھوڑتے۔

میرے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے ، کل سے ایک موضوع ذہن پر غالب تھا کہ آخر مولانا فضل الرحمان کی سیاسی اور خاندانی تاریخ کیا ہے؟ بس پھر کیا تھا، نماز فجر کے بعد سے صبح گیارہ بجے تک تاریخ کے اوراق کھنگالتا رہا۔میں نےحتی الامکان کوشش کی ہے کہ زیرنظر تحریر میں کوئی ایسی بات یا واقعہ شامل نہ کروں جس کی کوئی سند یا حوالہ موجود نہ ہو۔

تو آئیے، جناب مولانا فضل الرحمان کا خاندانی پس منظر اور سیاسی سفر دیکھتے ہیں۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں مولانا فضل الرحمان اور ان کے خاندان کو ایک نمایاں مقام حاصل رہاہے۔ ان کے والد مفتی محمود سے شروع ہونے والا سیاسی سفر اب تیسری نسل تک پہنچ چکا ہے۔ اس خاندان کے متعدد افراد جمعیت علمائے اسلام کے پلیٹ فارم سے قومی و صوبائی اسمبلیوں، سینیٹ اور حکومتی مناصب تک پہنچ چکے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان 1953ء میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں عبدالخیل میں پیدا ہوئے۔ ان کا سلسلۂ نسب فضل الرحمان بن محمود بن محمد دراز بن گلستان بن عمر بن محمد موسیٰ بن علم تک جا پہنچتا ہے۔ ان کا تعلق پشتون قبیلے ناصر کی شاخ یحییٰ خیل کے ”علم“ خاندان سے ہے۔ان کے آباؤ اجداد کا تعلق افغانستان کے علاقے قندھار سے بتایا جاتا ہے۔ خاندانی روایت کے مطابق ان کے بزرگ موسم سرما میں ڈیرہ اسماعیل خان آ جاتے اور موسم بہار میں واپس قندھار چلے جاتے تھے۔ مولانا کے دادا محمد دراز کی بیماری کے باعث موسمی نقل مکانی کا یہ سلسلہ ختم ہوا اور خاندان مستقل طور پر ڈیرہ اسماعیل خان میں آباد ہوگیا۔

جمعیت علمائے اسلام کا قیام 1945ء میں علامہ شبیر احمد عثمانی کی قیادت میں عمل میں آیا۔ اس سے قبل 1919ء میں قائم ہونے والی جمعیت علمائے ہند تقسیم ہندوستان کی مخالف تھی، جبکہ علامہ شبیر احمد عثمانی اور ان کے ہم خیال علماء قیام پاکستان کے حامی تھے۔ اسی نظریاتی اختلاف کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام وجود میں آئی۔

مولانا فضل الرحمان کے والد مفتی محمود جمعیت علمائے ہند کا حصہ تھے اور اسی پلیٹ فارم سے انہوں نے اپنی عملی سیاست کا آغاز کیا تھا ۔ قیام پاکستان کے بعد مفتی محمود مجلس احرار سے وابستہ ہوگئے۔بعدازاں انہوں نے 1956ء میں جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس وقت مولانا احمد علی لاہوری جماعت کی قیادت کر رہے تھے۔ آہستہ آہستہ مفتی محمود جماعت کی مرکزی قیادت میں نمایاں ہونے لگے اور بعدازاں اس کے سربراہ بنے۔

1980ء میں مفتی محمود کی وفات کے بعد ان کے صاحبزادے مولانا فضل الرحمان محض 27 برس کی عمر میں جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل بن گئے۔ بعدازاں جب جماعت مختلف دھڑوں میں تقسیم ہوئی تو مولانا فضل الرحمان اس کے سب سے بڑے دھڑے کے سربراہ بن گئے۔مولانا فضل الرحمان 1988ء میں پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1990ء میں انہیں شکست ہوئی، 1993ء میں دوبارہ کامیاب ہوئے اور 1997ء میں ایک مرتبہ پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد 2002ء، 2008ء اور 2013ء کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ 2018ء میں دونوں انتخابی حلقوں سے شکست کھا گئے، جبکہ 2024ء میں اپنے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے شکست کے باوجود بلوچستان کے ضلع پشین سے قومی اسمبلی میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

مولانا فضل الرحمان 1993ء سے 1996ء تک قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین، 2004ء سے 2007ء تک قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور 2008ء سے 2018ء تک کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے۔ مختلف ادوار میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ سیاسی اتحاد کیے، جبکہ وہ متحدہ مجلس عمل کے سربراہ بھی رہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے پلیٹ فارم سے پارلیمانی اور حکومتی مناصب تک پہنچنے والوں میں صرف مولانا فضل الرحمان ہی شامل نہیں، بلکہ ان کے خاندان کے متعدد افراد بھی اس سیاسی سفر میں شریک رہے ہیں۔

مولانا کے بڑے صاحبزادے حافظ اسعد محمود 2018ء میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 2022ء میں شہباز شریف کی اتحادی حکومت میں وفاقی وزیر مواصلات بنے۔ تاہم 2024ء کے عام انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مولانا کے دوسرے صاحبزادے اسجد محمود کو بھی 2024ء کے عام انتخابات میں لکی مروت سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ دیا گیا۔

مولانا کے بھائی عطاء الرحمان قومی اسمبلی اور سینیٹ کے رکن رہ چکے ہیں۔ ان کے ایک اور بھائی مولانا لطف الرحمان متعدد مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، جبکہ چھوٹے بھائی عبید الرحمان بھی انتخابی سیاست میں حصہ لے چکے ہیں۔یہ سلسلہ صرف بھائیوں اور بیٹوں تک محدود نہیں۔ مولانا کی بھابھی شاہدہ اختر علی خواتین کی مخصوص نشست پر متعدد مرتبہ قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہو چکی ہیں، جبکہ ان کی دوسری بھابھی ریحانہ اسماعیل کو بھی صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست کے لیے نامزد کیا گیا۔

اس ساری تفصیل کے بعد ذہن میں ایک سوال شدت سے انگڑائی لیتا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے ہزاروں علماء، نظریاتی کارکنوں اور دیرینہ ساتھیوں  کی موجودگی میں ایک ہی خاندان کے اتنے افراد کو انتخابی ٹکٹ اور پارلیمانی مناصب ملنے کی بنیادی وجہ کیا ہوسکتی ہے؟ کیا جماعت کے عام کارکنوں کو بھی آگے بڑھنے کے وہی مواقع میسر ہیں جو مولانا فضل الرحمان کے خاندان کے افراد کو حاصل ہیں؟ یقین جانیے کسی سیاسی رہنما کا بیٹا یا بھائی ہونا کوئی جرم نہیں، لیکن جماعتی ٹکٹوں اور مناصب کی تقسیم کے معاملے میں اپنے رشتہ داروں کو ترجیح دینا سوالیہ نشان ضرور ہے۔

مولانا مفتی محمود کی وفات کے بعد ان کے صاحبزادے جماعت کی مرکزی قیادت تک پہنچے۔ اب ان کے صاحبزادے حافظ اسعد محمود بھی ملکی سیاست میں نمایاں حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ کیا مولانا فضل الرحمان کے بعد حافظ اسعد محمود جمعیت علمائے اسلام کے امیر بنیں گے؟ یا جماعت کا کوئی ایسا نظریاتی کارکن بھی اس منصب تک پہنچ سکتا ہے ، جس کا تعلق مفتی محمود کے خاندان سے نہ ہو؟۔

میرا یہ معصومانہ سا سوال ہے کہ ایک جمہوری ملک میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے اپنے اندر بھی جمہوریت ہونی چاہیے یا نہیں؟بدقسمتی سے ہماری دیگر بڑی سیاسی جماعتیں بھی موروثی سیاست سے محفوظ نہیں۔ بعض اوقات یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ سیاسی جماعتیں کم اور خاندانی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں زیادہ ہیں۔

مولانا فضل الرحمان سڑکوں پر نکل کر ملک کے سیاسی نظام کی اصلاح کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان سے استفسار کناں ہوں کہ وہ اپنی جماعت کے اندر قیادت کی تبدیلی اور انتخابی ٹکٹوں کی شفاف تقسیم کے حوالے سے کوئی مثال قائم کرنا چاہیں گے؟

میرا ماننا ہے  کہ ملک میں جمہوریت اور احتساب کا مطالبہ کرنے والوں کو ان اصولوں کا عملی مظاہرہ اپنی جماعتوں کے اندر بھی کرنا چاہیے۔ جمہوریت کا آغاز اپنے گھر سے ہو تو ملک کیلئے اس کا مطالبہ زیادہ معتبر ہو جاتا ہے۔

خبر شیئر کریں