شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے سوشل میڈیا انفلوئنسر کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجنے کی تردید کردی
بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے سوشل میڈیا انفلوئنسر سووگیا شرما کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیجنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ یہ معاملہ اننت امبانی اور بھارتی روحانی پیشوا سدھ گرو سے متعلق ایک وائرل ویڈیو کے بعد سامنے آیا تھا۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق شاہ رخ خان کی قانونی نمائندہ فرم ’ہیرانی اینڈ ایسوسی ایٹس‘ نے 26 نومبر کو انسٹاگرام پر جاری بیان میں واضح کیا کہ اداکار نے نہ تو کوئی قانونی نوٹس بھیجا ہے اور نہ ہی کسی وکیل یا قانونی فرم کو انفلوئنسر کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
تنازع اس وقت شروع ہوا جب سووگیا شرما نے گلوبل پیس آنرز 2026 کی تقریب کی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔ ویڈیو میں اننت امبانی، سدھ گرو اور شاہ رخ خان کے درمیان ہونے والی الگ الگ گفتگو کے مناظر شامل تھے۔ انفلوئنسر نے دعویٰ کیا کہ اننت امبانی نے شاہ رخ خان کو خاموش رہنے کا کہا تھا، تاہم ویڈیو میں گفتگو کی آواز موجود نہیں تھی۔
بعدازاں سووگیا شرما نے دعویٰ کیا کہ انہیں شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم کی جانب سے 23 نومبر کو جاری کردہ ہتک عزت کا نوٹس موصول ہوا ہے، جس میں ویڈیو ہٹانے اور 48 گھنٹوں کے اندر بعض مطالبات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے اس دعوے کو غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ زیر گردش نوٹس اداکار کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا۔ قانونی فرم نے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پیجز سے بھی درخواست کی کہ وہ ایسی دستاویزات کی اشاعت سے قبل ان کی صداقت کی تصدیق کریں اور غلط معلومات کو درست کریں یا ہٹا دیں۔
دوسری جانب شاہ رخ خان اپنی نئی ایکشن فلم ’کنگ‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی، جس میں سہانا خان، دیپیکا پڈوکون اور ابھیشیک بچن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔