براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

پنجاب کی زرعی طاقت اور نئے صوبے
امتیاز احمد شاد ✓

امتیاز احمد شاد

✍️ کالم نگار • تاشقند اردو
تمام کالمز

پنجاب کی زرعی طاقت اور نئے صوبے

28 نومبر 2026

پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے اور اس کی معیشت، معاشرت اور غذائی ضروریات کا بڑا انحصار زراعت پر ہے۔ لیکن ایک سوال ایسا ہے جس پر شاید ہم نے سنجیدگی سے غور نہیں کیا کہ کیا پنجاب کے تمام علاقے اپنی زرعی صلاحیت، قدرتی وسائل اور معاشی امکانات کے مطابق ترقی کر رہے ہیں؟ کیا لاہور، فیصل آباد اور چند بڑے شہروں کے گرد گھومنے والی ترقی ہی پورے پنجاب کی ترقی ہے یا اس صوبے کے دور دراز علاقوں کو بھی ان کے وسائل کے مطابق ترقی کے مواقع ملنے چاہییں؟ نئے صوبوں کی بحث کو اگر اسی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ محض انتظامی تقسیم نہیں بلکہ پنجاب کی زرعی معیشت کو نئے سرے سے منظم کرنے کا ایک اہم موقع بن سکتی ہے۔

پنجاب کا ہر ڈویژن اپنی الگ زرعی شناخت رکھتا ہے۔ لاہور ڈویژن میں لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب شامل ہیں، جہاں چاول، گندم، سبزیوں اور دیگر فصلوں کے ساتھ زرعی تجارت اور خوراک کی صنعت بھی اہمیت رکھتی ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کے گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور منڈی بہاؤالدین باسمتی چاول اور گندم کی پیداوار کے حوالے سے نمایاں ہیں۔ فیصل آباد ڈویژن کے فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گندم، کپاس، مکئی اور گنے کی کاشت ہوتی ہے۔ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل صنعت بھی زرعی پیداوار، خصوصاً کپاس، سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ سرگودھا ڈویژن کے سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں کینو، گندم، دالیں اور تھل کی مخصوص فصلیں معاشی اہمیت رکھتی ہیں۔

ساہیوال ڈویژن کے ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کو مکئی، گندم، آلو، سبزیوں اور ڈیری کی پیداوار کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ ملتان ڈویژن کے ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں کپاس، آم، گندم، گنا اور سبزیوں کی پیداوار اہم معاشی سرگرمی ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ اور لیہ میں کپاس، گندم، گنا، دالوں اور کھجور کے ساتھ رودکوہی نظام (پہاڑوں سے آنے والا برساتی پانی )کے ذریعے ہونے والی کاشت بھی قابل ذکر ہے۔ راولپنڈی ڈویژن کے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں بارانی زراعت، مونگ پھلی، زیتون اور دیگر فصلوں کے امکانات موجود ہیں۔ ان علاقوں کی زرعی اہمیت ایک دوسرے سے مختلف ضرور ہے لیکن قومی معیشت میں سب کا اپنا حصہ ہے۔ پنجاب کے زرعی و موسمیاتی خطوں کی سرکاری درجہ بندی بھی اس حقیقت کی تصدیق کرتی ہے کہ یہاں ایک ہی طرز کی زراعت نہیں بلکہ مختلف زمینوں، موسموں اور پانی کی دستیابی کے مطابق متعدد زرعی نظام موجود ہیں۔

اسی تناظر میں بہاولپور ڈویژن کا ذکر محض ایک انتظامی علاقے کے طور پر نہیں بلکہ ایک تاریخی، جغرافیائی اور زرعی خطے کے طور پر ہونا چاہیے۔ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان پر مشتمل یہ خطہ پنجاب کی زرعی معیشت میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ یہاں کپاس، گندم، گنا، چاول، آم اور کھجور کی پیداوار کے ساتھ مویشی بانی اور صحرائی معیشت کے وسیع امکانات بھی موجود ہیں۔ اس خطے کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں دریائی زمینیں، نہری آبادی کے علاقے اور چولستان جیسے وسیع صحرائی خطے ایک ہی جغرافیے میں موجود ہیں۔ گویا قدرت نے اس علاقے کو زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی اور تجارت کے مختلف مواقع فراہم کیے ہیں۔

بہاولپور کی تاریخی اہمیت کو نظرانداز کرکے اس کے مستقبل کی بات مکمل نہیں ہو سکتی۔ یہ خطہ 1748ء سے 1947ء تک ایک نوابی ریاست کی حیثیت رکھتا تھا۔ اس ریاست نے اپنے دور میں آبپاشی، زراعت اور انتظامی ترقی کے حوالے سے اہم اقدامات کیے۔ تاریخی تحقیق کے مطابق 1892ء میں ریاست بہاولپور میں تقریباً پچاس بڑی اور درمیانی نہریں موجود تھیں جن کی مجموعی لمبائی تقریباً اٹھارہ سو کلومیٹر بیان کی گئی ہے۔ بعد ازاں 1922ء میں شروع ہونے والا ستلج ویلی منصوبہ اس خطے کی زرعی تاریخ کا اہم سنگ میل ثابت ہوا۔

پنجاب ڈویلپمنٹ شماریات 2024ء کے مطابق 2022-23ء میں بہاولپور ڈویژن نے تقریباً 37 لاکھ 31 ہزار ٹن گندم پیدا کی، جس میں بہاولپور ضلع کا حصہ 10 لاکھ 74 ہزار ٹن، بہاولنگر کا 15 لاکھ 63 ہزار ٹن اور رحیم یار خان کا 10 لاکھ 94 ہزار ٹن تھا۔ اسی سال پورے پنجاب کی گندم کی پیداوار تقریباً دو کروڑ بارہ لاکھ ٹن رہی۔ اس طرح صرف تین اضلاع پر مشتمل بہاولپور ڈویژن نے صوبے کی گندم کی پیداوار میں قابل ذکر حصہ ڈالا۔ یہ اعدادوشمار واضح کرتے ہیں کہ بہاولپور کو صرف ماضی کی ریاست یا جنوبی پنجاب کے ایک پسماندہ علاقے کے طور پر دیکھنا درست نہیں، بلکہ اسے قومی غذائی تحفظ میں کردار ادا کرنے والے ایک اہم زرعی خطے کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے۔

اب سوال یہ ہے کہ اگر پنجاب میں نئے صوبے قائم ہوتے ہیں تو کون سے علاقے خوشحال ہو سکتے ہیں؟ اس کا جواب صرف نئے دارالحکومت بنانے یا انتظامی حدود تبدیل کرنے میں نہیں بلکہ اختیارات، وسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی منصفانہ تقسیم میں پوشیدہ ہے۔ اگر جنوبی پنجاب اور سابق ریاست بہاولپور کے علاقوں کو اپنی ضروریات کے مطابق زرعی تحقیق، آبپاشی، تعلیم، صحت، صنعت اور تجارت کے منصوبے بنانے کا اختیار ملتا ہے تو ان کی معاشی صلاحیت بہتر انداز میں سامنے آ سکتی ہے۔ چولستان بھی اس خطے کے مستقبل کا ایک اہم باب ہے۔ وسیع صحرائی رقبے کو محض بنجر زمین سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہاں مویشی بانی، چراگاہوں کے تحفظ، شمسی توانائی اور مناسب پانی کی فراہمی کے ساتھ پائیدار معاشی سرگرمیوں کے امکانات موجود ہیں۔ اس بحث میں لاہور کا مستقبل بھی ایک اہم سوال ہے۔ لاہور پنجاب کا سیاسی، انتظامی، تعلیمی، تجارتی اور صنعتی مرکز ہے، لیکن تیزی سے پھیلتی شہری آبادی، رہائشی منصوبوں اور تعمیرات نے اس کے گردونواح کی زرعی زمینوں پر دباؤ بڑھایا ہے۔ اگر یہ  دباؤ  اسی طرح جاری رہا تو مستقبل میں زرعی زمین، پانی اور ماحولیات کے مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔

تاہم نئے صوبوں کا قیام کوئی جادوئی حل نہیں۔ اس کے لیے آئینی تقاضے، عوامی اتفاق رائے، مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم، پانی کی تقسیم کا واضح نظام اور انتظامی اخراجات کا حقیقت پسندانہ جائزہ ضروری ہے۔ اگر نئے صوبے بھی وہی مرکزیت، اقربا پروری اور وسائل کے غیر متوازن استعمال کو اپنا لیں تو محض نقشے تبدیل کرنے سے عوام کی زندگی نہیں بدلے گی۔ اصل تبدیلی اس وقت آئے گی جب کسان کو اس کی پیداوار کا مناسب معاوضہ، نوجوان کو روزگار، صنعت کار کو سہولت اور ہر ضلع کو اس کی معاشی صلاحیت کے مطابق ترقی کا موقع ملے گا۔ پاکستان کی خوشحالی صرف بڑے شہروں کی بلند عمارتوں، وسیع سڑکوں اور صنعتی منصوبوں سے ممکن نہیں؛ اس کے لیے ان زمینوں کو بھی ترقی دینا ہوگی جہاں کسان اپنی محنت سے ملک کے لیے خوراک پیدا کرتا ہے۔ سوال یہ نہیں کہ کونسا علاقہ ترقی کرے گا، سوال یہ ہے کہ کیا پنجاب کے ہر خطے کو اپنی صلاحیت کے مطابق ترقی کا حق ملے گا؟ اگر نئے صوبے اس سوچ کے ساتھ قائم ہوتے ہیں تو یہ تقسیم نہیں بلکہ ترقی کے نئے دروازے کھولنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

خبر شیئر کریں