پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن کی بھارت میں پاکستانی ڈراموں پر پابندی کے مطالبے پر تنقید
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے بھارت میں نیٹ فلکس پر پاکستانی ڈراموں کی نشریات پر پابندی کے مطالبے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مطالبات اعتماد کے بجائے عدم تحفظ کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کا بیان بھارتی وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے نیٹ فلکس کو پاکستانی مواد ہٹانے کی مبینہ ہدایت کے بعد سامنے آیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے محض تفریح اور ثقافت کا حصہ ہیں، ان کا مقصد بھارتی ثقافت پر اثرانداز ہونا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ناظرین نے بھی بھارتی فلمیں دیکھنا کم کردی ہیں کیونکہ کئی فلموں میں پاکستان کو منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔
سینیٹر شیری رحمٰن کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری اپنی کہانیوں، میمز اور ویڈیوز کے ذریعے مقامی معاشرے کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل پروڈکشن نیٹ فلکس مینا نے شروع کی ہے، نہ کہ نیٹ فلکس انڈیا نے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم پرستی کے نام پر نفرت اور دوسروں کی مخالفت طاقت کی علامت نہیں بلکہ عدم تحفظ کا اظہار ہے۔ ان کے مطابق پراعتماد قومیں اپنے اقدامات سے اپنی صلاحیت ظاہر کرتی ہیں، دوسروں کے خلاف نفرت پھیلا کر نہیں۔