پاکستان میں اصلی اور جعلی ادویات کی شناخت اب موبائل ایپ سے ممکن
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لیے ’محفوظ دوا‘ موبائل ایپ کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس ایپ کا مقصد شہریوں کو ادویات کی تصدیق کی سہولت فراہم کرنا اور ملک میں محفوظ اور معیاری ادویات کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس اقدام کو پاکستان کے نظامِ صحت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو عوام تک سستی اور معیاری ادویات کی رسائی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزارتِ قومی صحت کی جانب سے تیار کردہ اس ایپ کے ذریعے شہری ادویات کی اصلیت، قیمت اور دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔ وزیراعظم نے وزارتِ اطلاعات اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بھی ایپ سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت کی۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر عبید اللہ کے مطابق شہری ادویات کے پیکٹ پر موجود بارکوڈ اسکین کرکے ان کی تصدیق کر سکیں گے۔ اصلی دوا کی صورت میں موبائل اسکرین پر سبز جبکہ جعلی دوا کی شناخت پر سرخ رنگ ظاہر ہوگا۔
ایپ کے ذریعے شہری جعلی ادویات کی فروخت اور مارکیٹ میں ادویات کی قلت سے متعلق شکایات بھی درج کروا سکیں گے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ایپ کی تیاری میں ادویات بنانے والی 700 سے زائد کمپنیوں نے تعاون کیا ہے، جبکہ اس کے ڈیٹا بیس میں تقریباً 92 ہزار ادویات کا ریکارڈ شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک میں لاکھوں افراد کو مہنگی ادویات کے باعث علاج معالجے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے وزارتِ صحت کو ادویات ساز کمپنیوں اور متعلقہ ماہرین کے ساتھ مل کر ادویات کو عام شہریوں کی قوتِ خرید کے مطابق بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔