براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

امریکی فضائیہ کے حساس کمپیوٹر سسٹم کی مبینہ ہیکنگ، پینٹاگون نے سکیورٹی خدشات پر وضاحت جاری کردی

28 نومبر 2026
امریکی فضائیہ کے حساس کمپیوٹر سسٹم کی مبینہ ہیکنگ، پینٹاگون نے سکیورٹی خدشات پر وضاحت جاری کردی

امریکی محکمہ دفاع نے فضائیہ کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ سسٹم ’کلاؤڈ ون‘ پر سائبر حملے کی خبروں کے بعد کہا ہے کہ اس کے تمام کمپیوٹر سسٹمز محفوظ ہیں اور اہم فوجی آپریشنز جاری رہیں گے۔ تاہم پینٹاگون نے کلاؤڈ ون میں ہیکرز کی مبینہ مداخلت کی واضح تردید نہیں کی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار نے کہا کہ فوجی کمپیوٹر سسٹمز کی حفاظت اور نگرانی کے لیے ماہرین چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی پالیسی کے تحت محکمہ دفاع اپنے مخصوص نیٹ ورکس کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ نہیں کرتا۔

امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز نے ایک نامعلوم امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ فضائیہ کے کلاؤڈ پلیٹ فارم میں ہیکرز نے مداخلت کی ہے، جس کے نتیجے میں حساس فوجی معلومات تک غیر مجاز رسائی کا خدشہ ہے۔ اس سائبر حملے کی خبر سب سے پہلے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے دی تھی۔

امریکی ادارے فیڈرل نیوز نیٹ ورک نے بھی معاملے سے واقف ایک شخص کے حوالے سے سائبر حملے کی اطلاع دی ہے۔ تاہم حساس معلومات چوری ہونے یا مبینہ حملے سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات تاحال واضح نہیں ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ ہفتوں کے دوران امریکی سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں کو متعدد سائبر حملوں اور تکنیکی خرابیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی پر بھی مبینہ سائبر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

سائبر حملوں کا سلسلہ صرف امریکہ تک محدود نہیں ہے۔ یورپی کمیشن نے بھی گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ اکتوبر میں اسے مصنوعی ذہانت کی مدد سے کیے گئے ایک سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

خبر شیئر کریں