براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

پاکستان میں گندم کی درآمدی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ ٹن کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی

28 نومبر 2026
پاکستان میں گندم کی درآمدی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ ٹن کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی

پاکستان کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ملک میں گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر غذائی سال 2026-27 کے لیے گندم کی درآمدی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد آئندہ فصل کی آمد تک گندم کی مناسب فراہمی یقینی بنانا اور قیمتوں میں استحکام لانا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گندم کے ذخائر، قیمتوں اور صوبوں کی درآمدی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق درآمدی حد میں اضافے سے صوبوں کی اضافی ضروریات پوری کرنے اور گندم کے ذخائر میں ممکنہ کمی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ تاہم اس فیصلے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی، جبکہ گندم کی اصل درآمدی مقدار کا تعین صوبوں کی ضروریات اور مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث صوبوں کی مجموعی درآمدی ضروریات تقریباً 17 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہیں۔

پنجاب نے 9 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن، سندھ نے 4 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن اور خیبر پختونخوا نے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی ضرورت ظاہر کی ہے۔ سندھ کی مطلوبہ مقدار کی حتمی تصدیق ہونا باقی ہے، جبکہ بلوچستان کی ضروریات پاسکو کے موجودہ ذخائر سے پوری کی جائیں گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ گندم کی خریداری، مال برداری، انشورنس، نقل و حمل، بندرگاہوں کے اخراجات، ٹیکس اور دیگر درآمدی اخراجات متعلقہ صوبائی حکومتیں برداشت کریں گی۔

کمیٹی نے گندم لے کر آنے والے بحری جہازوں کو پاکستانی بندرگاہوں پر ترجیحی بنیادوں پر لنگر انداز ہونے کی سہولت فراہم کرنے کی بھی منظوری دی، تاکہ گندم کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور اضافی اخراجات سے بچا جا سکے۔

خبر شیئر کریں