براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ترکی سے بھی معاونت ملنے کا امکان ہے: بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا اظہارِ تشویش

28 نومبر 2026
چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ترکی سے بھی معاونت ملنے کا امکان ہے: بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا اظہارِ تشویش

بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی معاونت سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مستقبل میں پاکستان کو اس شعبے میں ترکی کا تعاون بھی حاصل ہو سکتا ہے۔

جمعے کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راجا سبرامنی نے کہا کہ پاکستان کا خلائی تحقیقاتی ادارہ سپارکو بھی اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے مطابق بھارت کو اپنی دفاعی حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کو مدنظر رکھنا ہوگا، کیونکہ ان سے پاکستان کی انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتوں میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین کے پاس خلائی نگرانی، انٹیلیجنس، مقام اور سمت کے تعین، نیویگیشن اور وقت کے درست تعین سے متعلق موجود صلاحیتیں پاکستان کو بھی دستیاب ہو سکتی ہیں۔

جنرل راجا سبرامنی نے کہا کہ بھارت کو ان امکانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی دفاعی اور خلائی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق خلائی نگرانی کے پروگرام کے تیسرے مرحلے کے آغاز سے بھارت کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت نئے مصنوعی سیارچوں کی تیاری اور انہیں خلا میں بھیجنے کے طریقوں پر کام کر رہا ہے، جبکہ اس سلسلے میں نجی شعبے کے اداروں کے ساتھ بھی تعاون کیا جا رہا ہے۔

خبر شیئر کریں