براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود کی آمد پر اسلام آباد میں ٹریفک پابندیاں، شہریوں کے لیے متبادل راستوں کا اعلان

27 نومبر 2026
سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود کی آمد پر اسلام آباد میں ٹریفک پابندیاں، شہریوں کے لیے متبادل راستوں کا اعلان

اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر پولیس نے 27 نومبر کو شہر کی مختلف شاہراہوں کی بندش اور متبادل راستوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون میں داخلے اور باہر نکلنے کے راستے، جن میں سرینا ہوٹل، نادرا چوک، ایوب چوک اور ایکسپریس چوک شامل ہیں، 28 نومبر کی رات ساڑھے 12 بجے تک بند رہیں گے۔ شہریوں کو ریڈ زون تک رسائی کے لیے مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق جمعے کو اسلام آباد ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر ٹریفک کا رخ تبدیل کیا جائے گا۔ سری نگر ہائی وے استعمال کرنے والے شہری سہروردی روڈ، جی ایٹ اور جی نائن کی سروس روڈز اور زیرو پوائنٹ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ فیض آباد جانے والی ٹریفک کو فیصل ایونیو جبکہ نائنتھ ایونیو کے مسافروں کو سروس روڈ ایسٹ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

کورال سے اسلام آباد آنے والے شہری پرانا ایئرپورٹ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ، آئی جے پی روڈ اور فقیر ایپی روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ کورال ایکسپریس وے، مری روڈ اور کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ متبادل ہوں گے۔ نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور پشاور روڈ جانے والوں کو جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پولیس نے شہریوں کو سفر کے لیے اضافی 20 سے 25 منٹ رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

سیکیورٹی انتظامات کے تحت 26 سے 28 نومبر تک راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس جزوی طور پر متاثر رہے گی، جبکہ سیونتھ ایونیو میٹرو اسٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ تک میٹرو اور الیکٹرک بس سروس معطل رہے گی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور فیض آباد بس ٹرمینل عارضی طور پر بند رہے گا۔ مارگلہ ہلز کے ٹریل تھری اور ٹریل فائیو بھی جمعے کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک عوام کے لیے بند رکھے جائیں گے۔

غیر ملکی وفود کی آمد کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں جمعہ 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی پاک فوج کرے گی، جبکہ رینجرز اور اسلام آباد پولیس کے تقریباً دو ہزار اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔ پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تازہ ترین ٹریفک صورتحال جاننے کے لیے ہیلپ لائن 1915 یا اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رجوع کریں۔

خبر شیئر کریں