براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

چین کا ایچ آئی وی کے علاج میں 95 فیصد کامیابی حاصل کرنے کا اعلان

27 نومبر 2026
چین کا ایچ آئی وی کے علاج میں 95 فیصد کامیابی حاصل کرنے کا اعلان

چین میں ایچ آئی وی کے علاج کی کامیابی کی شرح 95 فیصد تک پہنچ گئی-چین نے ایچ آئی وی اور ایڈز پر قابو پانے کی کوششوں میں اہم پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔ چینی مرکز برائے انسداد و تدارک امراض کے مطابق ملک میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو علاج کی فراہمی اور علاج کی کامیابی، دونوں کی شرح 95 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

چینی مرکز کے ڈائریکٹر جنرل وانگ جیان وی نے 25 نومبر کو بتایا کہ ملک بھر میں ایچ آئی وی کی تشخیص کے لیے تقریباً 60 ہزار لیبارٹریاں، 10 ہزار سے زائد مشاورتی و تشخیصی مراکز اور چار ہزار سے زائد علاج فراہم کرنے والے ادارے قائم کیے جا چکے ہیں۔

علاج کی 95 فیصد کامیابی سے مراد زیر علاج افراد کے جسم میں وائرس کی مقدار کو مؤثر حد تک کم کرنا ہے، تاہم اس کا مطلب وائرس کا جسم سے مکمل خاتمہ یا مریضوں کی مکمل صحت یابی نہیں ہے۔

اینٹی ریٹرو وائرل ادویات کے ذریعے وائرس کی افزائش کو روکا جاتا ہے، جس سے مریضوں کے مدافعتی نظام کو تحفظ ملتا ہے اور وائرس کی دوسروں میں منتقلی کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

چینی حکومت نے 2024 سے 2030 تک کے لیے ایچ آئی وی اور ایڈز کی روک تھام کا قومی منصوبہ بھی متعارف کرا رکھا ہے، جس کا مقصد نئے انفیکشنز اور اموات میں کمی، بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارے برائے ایڈز نے خبردار کیا ہے کہ عالمی سطح پر مالی وسائل میں کمی اور علاج تک محدود رسائی ایچ آئی وی کے خلاف حاصل ہونے والی پیش رفت کو متاثر کر سکتی ہے۔

چین کی جانب سے یہ اعلان یکم دسمبر کو منائے جانے والے ایڈز کے عالمی دن سے قبل سامنے آیا ہے۔

خبر شیئر کریں