براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

بحرالکاہل میں 6 ہزار 500 میٹر کی گہرائی میں دنیا کے سب سے گہرے معلوم آتش فشانی دھماکے کے شواہد دریافت

28 نومبر 2026
بحرالکاہل میں 6 ہزار 500 میٹر کی گہرائی میں دنیا کے سب سے گہرے معلوم آتش فشانی دھماکے کے شواہد دریافت

سمندری ارضیات کے ماہرین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے مغربی بحرالکاہل میں سطح سمندر سے تقریباً 6 ہزار 500 میٹر نیچے دنیا کے اب تک کے سب سے گہرے معلوم آتش فشانی دھماکے کے شواہد دریافت کیے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سائنس دانوں نے سمندر کے گہرے ترین علاقوں میں شامل ماریانا ٹرینچ میں تحقیق کے لیے ریموٹ کنٹرول آبدوز ’جیسن میڈیا‘ کا استعمال کیا۔ اس آبدوز کی مدد سے سمندر کی تہہ میں واقع چیلنجر ڈیپ کے اطراف چٹانوں کا مشاہدہ کیا گیا اور ان کے نمونے جمع کیے گئے۔

تحقیق کے دوران ماہرین کو ایسی آتش فشانی چٹانیں ملیں جن میں چٹانوں کے ٹکڑے اور آتش فشانی شیشے کے ذرات موجود تھے۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ چٹانیں دھماکہ خیز آتش فشانی سرگرمی کے واضح شواہد ہیں۔

تحقیق کے سربراہ اور یونیورسٹی آف ٹیکساس کے ماہر ارضیات رابرٹ اسٹرن کے مطابق اس نوعیت کی چٹانیں خشکی اور کم گہرے سمندری علاقوں میں پہلے بھی دریافت ہو چکی ہیں، تاہم اس سے قبل اتنی زیادہ گہرائی میں ان کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے تھے۔

تحقیقی ٹیم نے تقریباً 550 کلومیٹر طویل سمندری ارضیاتی علاقے کا جائزہ لیا، جس کے لیے آبدوز کو مجموعی طور پر 10 مرتبہ سمندر میں اتارا گیا۔

ماہرین نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے آتش فشانی دھماکے کا براہ راست مشاہدہ نہیں کیا اور نہ ہی ابھی تک اس مقام کا تعین کیا جا سکا ہے جہاں سے آتش فشانی مواد خارج ہوا تھا۔ دریافت ہونے والی چٹانوں کی درست عمر بھی معلوم نہیں ہو سکی۔

سائنس دان اب یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سمندر کی اتنی زیادہ گہرائی میں پانی کے شدید دباؤ کے باوجود دھماکہ خیز آتش فشانی سرگرمی کیسے ممکن ہوئی۔ تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے ’فرنٹیئرز اِن ارتھ سائنس‘ میں شائع کیے گئے ہیں۔

خبر شیئر کریں