براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

ناسا کے خلائی جہاز کی ٹکر سے سیارچے پر اسٹیڈیم جتنا بڑا گڑھا بن گیا

27 نومبر 2026
ناسا کے خلائی جہاز کی ٹکر سے سیارچے پر اسٹیڈیم جتنا بڑا گڑھا بن گیا

ناسا کے خلائی تجربے کے چار سال بعد سیارچے کی حیران کن تصاویر سامنے آگئیں-یورپی خلائی ایجنسی کے خلائی جہاز ’ہیرا‘ کی جانب سے لی گئی نئی تصاویر سے انکشاف ہوا ہے کہ 2022 میں امریکی خلائی ادارے ناسا کے خلائی جہاز ’ڈارٹ‘ کی ٹکر کے نتیجے میں ڈائمورفوس نامی سیارچے کا ایک حصہ چپٹا ہو گیا اور اس پر اسٹیڈیم کے برابر بڑا گڑھا بن گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ناسا نے 26 ستمبر 2022 کو زمین کو سیارچوں کے ممکنہ ٹکراؤ سے بچانے کی ٹیکنالوجی آزمانے کے لیے اپنے خلائی جہاز کو تقریباً 22 ہزار 530 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ڈائمورفوس سے ٹکرایا تھا۔ یہ تجربہ سیارچے کا مدار تبدیل کرنے میں کامیاب رہا تھا۔

ڈائمورفوس تقریباً 151 میٹر چوڑا چٹانی سیارچہ ہے، جو 730 میٹر قطر کے ایک بڑے سیارچے ڈائیڈیموس کے گرد گردش کرتا ہے۔ دونوں سیارچے اس وقت زمین سے تقریباً 19 کروڑ 35 لاکھ کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہیں اور ان سے زمین کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

یورپی خلائی ایجنسی کے ہیرا مشن کے سائنس دان مائیکل کوئپرز کے مطابق ٹکر سے متاثرہ حصہ تقریباً مکمل طور پر ایک بڑے گڑھے میں تبدیل ہو چکا ہے، جبکہ اس کے مخالف حصے میں کوئی بڑی تبدیلی نظر نہیں آئی۔ سیارچہ اب بے ترتیب انداز میں گردش کر رہا ہے اور اس کے گرد سینکڑوں چٹانی ٹکڑے بھی موجود ہیں۔

ہیرا خلائی جہاز اس وقت دونوں سیارچوں کا 25 سے 30 کلومیٹر کے فاصلے سے مشاہدہ کر رہا ہے۔ دسمبر 2026 میں اسے مزید قریب لے جایا جائے گا، جہاں سے یہ تقریباً 13 کلومیٹر کے فاصلے سے زیادہ واضح تصاویر حاصل کرے گا۔

جنوری 2027 میں ہیرا دو چھوٹے مصنوعی سیارچے بھی روانہ کرے گا، جو دونوں سیارچوں کی اندرونی ساخت سمیت مختلف خصوصیات کا مزید تفصیلی جائزہ لیں گے۔

سائنس دانوں کے مطابق اس تحقیق سے یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ مستقبل میں زمین کی جانب بڑھنے والے کسی خطرناک سیارچے کا رخ تبدیل کرنے کے لیے اس ٹیکنالوجی کو کس طرح مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

خبر شیئر کریں