نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کو ان کی تاریخی کامیابی پر دنیا بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور ڈیموکریٹک پارٹی کی سینئر رہنما ہیلری کلنٹن نے بھی ظہران ممدانی کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے ظہران ممدانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی کو نیویارک سٹی کے لیے ایک نئے دور کی شروعات قرار دیا۔
بل کلنٹن نے اپنے پیغام میں کہا کہ "ظہران ممدانی، نیویارک سٹی کے اگلے میئر منتخب ہونے پر آپ کو دلی مبارکباد۔ میری خواہش ہے کہ آپ اپنے مشن میں کامیاب ہوں، اب وقت ہے کہ آپ اپنی انتخابی مہم کے جذبے کو ایک بہتر، منصفانہ اور زیادہ قابلِ برداشت نیویارک بنانے کے لیے عملی اقدامات میں بدلیں۔”
دوسری جانب، ہیلری کلنٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں سال نیویارک کے انتخابات میں گزشتہ پچاس برسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے، جو جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی شعور کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ ظہران ممدانی کی پراثر انتخابی مہم کا ثبوت ہے، اور میں دنیا کے عظیم ترین شہر کے اگلے میئر کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔”
واضح رہے کہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ پارٹی کے امیدوار ظہران ممدانی نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیویارک کے پہلے مسلمان اور کم عمر ترین میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق، ظہران ممدانی نے 49.6 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے حریف سابق گورنر اینڈریو کومو کو 41.6 فیصد ووٹ ملے۔