✓
امتیاز احمد شاد
ترقی کی دوڑ میں ہم کہاں کھڑے ہیں؟
دنیا ایک ایسے دور میں داخل ہو چکی ہے جہاں ترقی کا معیار صرف معاشی طاقت، فوجی صلاحیت یا قدرتی وسائل نہیں رہے بلکہ علم، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت(اے آئی) بھی ملکی طاقت اور مستقبل کا تعین کر رہے ہیں۔ صنعتی انقلاب نے دنیا کے معاشی اور معاشرتی ڈھانچے کو تبدیل کیا تھا، انٹرنیٹ نے رابطوں اور معلومات کی دنیا میں انقلاب برپا کیا، جبکہ اب مصنوعی ذہانت انسانی زندگی کے تقریباً ہر شعبے کو نئی شکل دے رہی ہے۔ آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک مصنوعی ذہانت کو محض ایک جدید ٹیکنالوجی نہیں بلکہ قومی ترقی، معاشی استحکام، دفاع، تعلیم، صحت اور عالمی مسابقت کا بنیادی ہتھیار سمجھ رہے ہیں۔ ایسے میں پاکستان کے لیے یہ سوال انتہائی اہم ہو چکا ہے کہ ہم اس نئی عالمی دوڑ میں کہاں کھڑے ہیں اور کیا ہم بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کر رہے ہیں؟
مصنوعی ذہانت دراصل ایسی ٹیکنالوجی ہے جو کمپیوٹر اور مشینوں کو انسانی ذہانت سے مشابہ کام کرنے کے قابل بناتی ہے۔ امریکہ، چین اور یورپی ممالک مصنوعی ذہانت کی تحقیق، جدید کمپیوٹنگ، ڈیٹا سینٹرز اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس مقابلے میں وہ ممالک زیادہ کامیاب ہوں گے جو صرف ٹیکنالوجی استعمال نہیں کریں گے بلکہ اسے خود تخلیق کرنے، بہتر بنانے اور اپنی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت بھی پیدا کریں گے۔ پاکستان کے لیے مصنوعی ذہانت ایک بڑا موقع بھی ہے اور ایک سنجیدہ چیلنج بھی۔ ہمارے ملک کی سب سے بڑی طاقت نوجوان آبادی ہے۔ لاکھوں نوجوان یونیورسٹیوں، کالجوں اور مختلف تربیتی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں نوجوان فری لانسنگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آئی ٹی سے وابستہ دیگر شعبوں میں کام کر رہی ہے۔ یہ وہ انسانی سرمایہ ہے جسے درست سمت، جدید تربیت اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔ تاہم پاکستان کی اصل مشکل یہ ہے کہ ہم ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس کی تخلیق کے درمیان ابھی تک مطلوبہ توازن قائم نہیں کر سکے۔ مصنوعی ذہانت کی ترقی کے لیے صرف ذہین نوجوان نہیں بلکہ معیاری ڈیٹا، جدید کمپیوٹرز، تیز رفتار انٹرنیٹ اور مضبوط ادارہ جاتی نظام بھی درکار ہے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان نے اس اہم ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس پالیسی 2025 کی منظوری دی۔ حکومت کی جانب سے 2026 میں قومی سطح پر اے آئی کے فروغ کے لیے سات انوویشن ہبز قائم کرنے کا منصوبہ بھی سامنے آیا۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ ان منصوبوں کو کاغذی اعلانات سے نکال کر عملی نتائج میں کس حد تک تبدیل کیا جاتا ہے۔
پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے سب سے زیادہ مثبت اثرات زراعت کے شعبے میں سامنے آ سکتے ہیں۔ ہمارا ملک بنیادی طور پر زرعی معیشت رکھتا ہے، لیکن آج بھی بہت سے کسان روایتی طریقوں پر انحصار کرتے ہیں۔ اگر مصنوعی ذہانت کے ذریعے موسم کی پیش گوئی، زمین کی زرخیزی کا تجزیہ، فصلوں میں بیماریوں کی بروقت نشاندہی، پانی کے بہتر استعمال اور پیداوار کے تخمینے کا نظام متعارف کروایا جائے تو زرعی شعبے میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں اے آئی جدید تشخیصی نظام کے ذریعے بیماریوں کی ابتدائی شناخت، دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور ہسپتالوں کے انتظامی نظام کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔ تعلیم کے شعبے میں ہر طالب علم کی صلاحیت اور ضرورت کے مطابق سیکھنے کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، جبکہ سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل ریکارڈ، شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں کو اس تبدیلی سے خوفزدہ ہونے کے بجائے خود کو نئے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔ تعلیمی اداروں کو بھی صرف ڈگریاں دینے کے بجائے عملی مہارتوں، تخلیقی سوچ، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دینا ہوگی۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ساتھ کچھ سنگین خدشات بھی وابستہ ہیں۔ جعلی ویڈیوز، ڈیپ فیک، جھوٹی خبریں، آن لائن فراڈ، ذاتی معلومات کا غلط استعمال اور سائبر حملے ایسے مسائل ہیں جو معاشرے اور قومی سلامتی دونوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ پاکستان جیسے ملک میں جہاں سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات تیزی سے پھیلتی ہیں، وہاں مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے مؤثر قوانین، ڈیجیٹل آگاہی اور مضبوط سائبر سکیورٹی نظام ناگزیر ہیں۔ حکومت کو ایسی پالیسیاں بنانا ہوں گی جو ایک طرف جدت اور کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور دوسری طرف شہریوں کے حقوق، معلومات کی رازداری اور آزادیِ اظہار کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔ مصنوعی ذہانت کی ترقی کا مقصد انسانی زندگی کو آسان بنانا ہونا چاہیے، نہ کہ معاشرے میں بے یقینی اور عدم اعتماد کو فروغ دینا۔
پاکستان کو اس عالمی دوڑ میں آگے بڑھنے کے لیے سب سے پہلے اپنی ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا۔ ہمیں تعلیمی نصاب میں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور کمپیوٹر پروگرامنگ کو بنیادی اہمیت دینی چاہیے، سرکاری و نجی جامعات میں تحقیق کے لیے فنڈز بڑھانے چاہئیں اور مقامی سطح پر ایسے ادارے قائم کرنے چاہئیں جو پاکستانی زبانوں، خصوصاً اردو اور علاقائی زبانوں میں مصنوعی ذہانت کے ماڈلز تیار کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی اسٹارٹ اپس کو سرمایہ، جدید کمپیوٹنگ سہولیات اور عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ صرف تربیتی پروگراموں کے اعداد و شمار پیش کرنے کے بجائے یہ بھی دیکھے کہ کتنے نوجوانوں کو روزگار ملا، کتنی نئی ٹیکنالوجیز تیار ہوئیں اور ملکی معیشت کو کتنا فائدہ پہنچا۔ اس مقصد کے لیے حکومت، جامعات، نجی شعبے اور ٹیکنالوجی ماہرین کے درمیان مضبوط اشتراک ناگزیر ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان اس وقت مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں ایک ایسے مقام پر کھڑا ہے جہاں امکانات بھی موجود ہیں اور چیلنجز بھی۔ سوال یہ نہیں کہ مصنوعی ذہانت دنیا کو تبدیل کرے گی یا نہیں، کیونکہ یہ تبدیلی شروع ہو چکی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان اس تبدیلی کا حصہ بنے گا، اسے اپنی ترقی کے لیے استعمال کرے گا یا محض دوسروں کی بنائی ہوئی ٹیکنالوجی کا صارف بن کر رہ جائے گا؟ تاریخ گواہ ہے کہ قومیں صرف وسائل کی بنیاد پر ترقی نہیں کرتیں بلکہ علم، تحقیق، مستقل مزاجی اور بروقت فیصلوں سے اپنی تقدیر بدلتی ہیں۔ اب فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے کہ ہم مستقبل کی ٹیکنالوجی بنانے والی قوم بننا چاہتے ہیں یا صرف اسے استعمال کرنے والی قوم۔