براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

ترک صدر اردوغان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی

27 نومبر 2026
ترک صدر اردوغان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ ترک سرکاری گزٹ میں جمعہ 27 نومبر کو شائع ہونے والے فیصلے کے مطابق صدر اردوغان کی منظوری کے بعد ترکیہ میں معاہدے کی توثیق کا قانونی عمل مکمل ہو گیا ہے۔ اس پیش رفت کو تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل ترک پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو مشترکہ دفاعی معاہدے کی منظوری دی تھی۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے رواں سال 7 اگست کو سعودی شہر مکہ میں اس معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کی ایک اہم شق کے مطابق کسی ایک رکن ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملے کے مترادف تصور کیا جائے گا، جس کا مقصد مشترکہ سلامتی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

ترک پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد انقرہ کے لیے ضرورت پڑنے پر سعودی عرب کو فوجی معاونت فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی عرب کو یمن کے حو-ثیوں کے حملوں کا سامنا ہے۔ ترک حکمران جماعت کے ایک رکن پارلیمنٹ نے گزشتہ ماہ خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا تھا کہ معاہدے کے تحت سعودی عرب میں ترک فوجیوں کی تعیناتی کی اجازت کے لیے پارلیمنٹ میں ایک الگ بل بھی پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دو روزہ اجلاس آج 27 نومبر کو اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سیاسی، سفارتی اور دفاعی حکام شریک ہوں گے۔ بات چیت میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر عمل درآمد، عسکری تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ سعودی عرب اور حو-ثیوں کے درمیان جاری کشیدگی بھی اجلاس کے اہم موضوعات میں شامل ہونے کی توقع ہے۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آیا تھا۔ تینوں ممالک دفاعی تعاون، مشترکہ سکیورٹی حکمتِ عملی اور فوجی صلاحیتوں کو مربوط بنانے کے لیے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صدر اردوغان کی باضابطہ منظوری کے بعد اب توجہ معاہدے کے عملی نفاذ اور اس کے تحت مستقبل میں کیے جانے والے مشترکہ دفاعی اقدامات پر مرکوز ہوگی۔

خبر شیئر کریں