براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

یوکرین جنگ میں کم از کم 4 لاکھ 90 ہزار روسی فوجی جاں بحق، بی بی سی کی تحقیق میں انکشاف

25 نومبر 2026
یوکرین جنگ میں کم از کم 4 لاکھ 90 ہزار روسی فوجی جاں بحق، بی بی سی کی تحقیق میں انکشاف

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ فروری 2022 میں یوکرین کے خلاف جنگ شروع ہونے سے ستمبر 2026 تک کم از کم 4 لاکھ 90 ہزار 334 روسی فوجی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار روس کے سرکاری ادارۂ شماریات کے لیک ہونے والے ریکارڈز کے تجزیے سے سامنے آئے ہیں، جو تقریباً پانچ سال سے جاری جنگ میں روس کے بڑے انسانی نقصان کی نشاندہی کرتے ہیں۔

بی بی سی روسی سروس کے مطابق اسے روسی ادارۂ شماریات روس سٹاٹ کے ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد اموات کے ریکارڈز تک رسائی حاصل ہوئی، جو 2021 سے ستمبر 2026 کے عرصے پر مشتمل ہیں۔ یہ معلومات بیلاروس کے ہیکر گروپ سائبر پارٹیزنز بی وائی اور یوکرین کے گروپ سائلنٹ کرو کی جانب سے سائبر حملے کے بعد سامنے آئیں۔ روسی ادارۂ شماریات نے سائبر حملے کی تصدیق کی، تاہم حساس معلومات لیک ہونے کی تردید کی ہے۔

تحقیق کے دوران بی بی سی نے آزاد روسی خبر رساں ادارے میڈیا زونا کے تعاون سے لیک ہونے والے سرکاری ریکارڈز کا موازنہ جنگ میں جاں بحق ہونے والے روسی فوجیوں کی پہلے سے مرتب کردہ فہرست سے کیا۔ اس فہرست میں سرکاری اعلانات، سوشل میڈیا پوسٹس، فوجیوں کی قبروں، یادگاروں اور دیگر عوامی معلومات کی مدد سے 2 لاکھ 90 ہزار 12 روسی فوجیوں کی اموات کی تصدیق کی گئی تھی۔ دونوں ذرائع کے ریکارڈز میں بڑے پیمانے پر مماثلت سامنے آئی، جس سے لیک ہونے والے اعداد و شمار کی ساکھ کو تقویت ملی۔

فوجی ماہرین کے مطابق عوامی ذرائع سے تصدیق شدہ 2 لاکھ 90 ہزار اموات ممکنہ طور پر حقیقی فوجی اموات کا صرف 45 سے 55 فیصد ظاہر کرتی ہیں۔ اس بنیاد پر اندازہ لگایا گیا ہے کہ یوکرین جنگ میں روسی فوجیوں کی اصل اموات 5 لاکھ 27 ہزار سے 6 لاکھ 44 ہزار کے درمیان ہو سکتی ہیں۔ تاہم یہ ایک تخمینہ ہے اور روسی حکومت نے ان مجموعی اعداد و شمار کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

روس نے 24 فروری 2022 کو یوکرین پر بڑے پیمانے پر فوجی حملہ شروع کیا تھا۔ جنگ کے آغاز سے اب تک دونوں ممالک کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، جبکہ لڑائی تقریباً پانچ سال مکمل ہونے کے قریب ہے۔ بی بی سی کی تحقیق روسی فوجی نقصانات سے متعلق اب تک سامنے آنے والے اہم شواہد میں شمار کی جا رہی ہے، تاہم جنگ جاری ہونے اور تمام اموات کا مکمل ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث حقیقی تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔

خبر شیئر کریں