ازبکستان کا طبی سیاحت اور ادویات سازی کے شعبوں میں عالمی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے 7 نئے منصوبوں کا اعلان
ازبکستان نے طبی سیاحت، ادویات سازی اور صحت کی جدید سہولیات کے شعبوں میں اپنی صلاحیتیں عالمی برادری کے سامنے پیش کر دی ہیں۔ دارالحکومت تاشقند میں جاری 31ویں بین الاقوامی سیاحتی میلے کے دوران طبی سیاحت کے فروغ، بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور صحت کی خدمات کا معیار بہتر بنانے کے موضوع پر خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں شرکا کو ملک میں طبی اور ادویات سازی کے شعبوں میں جاری اصلاحات، جدید طبی سہولیات اور بین الاقوامی مریضوں کے لیے دستیاب مواقع سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ازبکستان صحت کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور غیر ملکی مریضوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
اجلاس کے دوران طبی سیاحت، صحت افزا مراکز اور فلاحی و علاجی سیاحت سے متعلق سرمایہ کاری کے سات نئے منصوبے بھی پیش کیے گئے۔ ان منصوبوں کا مقصد صحت اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا اور ازبکستان کو بین الاقوامی مریضوں اور سیاحوں کے لیے مزید پُرکشش بنانا ہے۔
تقریب کے موقع پر طبی اور ادویات سازی کی صنعت کی ترقی کے ادارے کے ڈائریکٹر عبداللہ عزیزوف نے متعدد معروف غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے نمائندوں سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں جدید طبی ٹیکنالوجی، بین الاقوامی تجربات سے استفادے، غیر ملکی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مذاکرات میں ازبکستان کی ادویات سازی اور طبی سیاحت کی صلاحیتوں کو عالمی منڈی میں فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ حکام اور سرمایہ کاروں نے صحت کی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی سرمایہ کاری کے منصوبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ یہ اقدامات ازبکستان کی جانب سے طبی سیاحت اور صحت کی صنعت میں بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔