براہ راست مواد پر جائیں
اہم ترین

تاریخ وار خبریں

وزیراعظم شہباز شریف کا وفاقی وزرا کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی فوری بند کرنے کا حکم

24 نومبر 2026
وزیراعظم شہباز شریف کا وفاقی وزرا کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی فوری بند کرنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام وزرا کو اختلافات باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

اسلام آباد میں منگل 24 نومبر کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام پر مرکوز ہے۔ وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیانات نہ صرف منفی تاثر پیدا کرتے ہیں بلکہ حکومت کی ترقیاتی ترجیحات سے توجہ بھی ہٹاتے ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ وفاقی کابینہ کے تمام ارکان ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے مکمل گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اندر پیدا ہونے والے اختلافات کو باہمی اتفاقِ رائے اور مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی غیر ضروری بیانات سے اجتناب اور مثبت سیاسی مکالمے کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کی جانب سے یہ ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور اس معاملے پر ممکنہ ریفرنڈم کے حوالے سے حکومتی اتحادیوں اور وفاقی وزرا کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں۔ خصوصاً وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کے درمیان اس معاملے پر سخت بیانات کا تبادلہ ہوا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام جیسے حساس معاملے پر ایک غیر متعلقہ فورم پر گفتگو کرکے اسے مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق اس مسئلے پر پارلیمان میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، لیکن غیر ضروری بیانات کے باعث معاملہ متنازع ہو چکا ہے۔

دوسری جانب محسن نقوی نے گزشتہ ہفتے رانا ثنا اللہ کا نام لیے بغیر تنقیدی ردعمل دیا تھا۔ اس سے قبل وزیر داخلہ نے ملک میں انتظامی نظام کی بہتری کے لیے نئے انتظامی یونٹس کے قیام اور عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پیش کی تھی، جس پر سیاسی جماعتوں کے درمیان بحث شروع ہو گئی تھی۔

نئے صوبوں کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ انہوں نے صوبوں کی جبری تقسیم اور مجوزہ ریفرنڈم کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ خصوصاً سندھ کی تقسیم کی کسی بھی کوشش سے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے بارے میں عوامی رائے حاصل کرنے کے لیے ریفرنڈم ایک قانونی اور آئینی طریقہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے اور اس مرحلے پر سیاسی استحکام برقرار رکھنا تمام حکومتی نمائندوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے وفاقی وزرا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ سیاسی اختلافات کے بجائے عوامی خدمت، ترقی اور ملکی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔

خبر شیئر کریں