شہید رہبرِاعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای آخری رسومات 4 جولائی کو شروع ہوں گی جبکہ تدفین 9 جولائی کو ہوگی، ایران

ایران نے اعلان کیا ہے کہ شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات 4 جولائی کو تہران میں شروع ہوں گی جبکہ ان کی تدفین 9 جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں کی جائے گی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق تدفین سے قبل تین روز تک تہران میں تعزیتی تقریبات منعقد ہوں گی، جبکہ 7 جولائی کو مذہبی شہر قم میں بھی ایک بڑی تعزیتی تقریب منعقد کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق، ان کی تدفین پہلے مارچ میں ہونا تھی، تاہم خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔

آیت اللہ علی خامنہ ای 86 برس کی عمر میں اس وقت ہلاک ہوئے جب فروری میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ فضائی حملے میں ان کا کمپاؤنڈ نشانہ بنا۔

وہ 1989 سے ایران کے سپریم لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جب انہوں نے آیت اللہ روح اللہ خمینی کے بعد یہ منصب سنبھالا تھا، جنہوں نے 1979 کے اسلامی انقلاب کی قیادت کی تھی۔

خامنہ ای کے دور میں ایران کے فوجی اور نیم فوجی ڈھانچے میں نمایاں تبدیلیاں آئیں اور ملک کی داخلی و خارجی پالیسیوں پر ان کا گہرا اثر رہا۔

ان کے جانشین، ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای، حالیہ برسوں میں نسبتاً کم منظر عام پر رہے ہیں، تاہم مختلف رپورٹس کے مطابق وہ سیاسی اور مذاکراتی عمل میں زیادہ فعال کردار ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں