براہ راست مواد پر جائیں

تاریخ وار خبریں

مصر میں کھدائی کے دوران قدیم قبرستان دریافت، سونے کی تختیاں، مجسمے اور تعویذ برآمد

19 نومبر 2026
مصر میں کھدائی کے دوران قدیم قبرستان دریافت، سونے کی تختیاں، مجسمے اور تعویذ برآمد
مصر کے شمالی صوبے منوفیہ میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ایک وسیع قدیم قبرستان دریافت کیا ہے، جہاں سے سیکڑوں تابوت، سونے کے زیورات اور دیگر نایاب تاریخی اشیا برآمد ہوئی ہیں۔ مصری وزارتِ سیاحت و آثارِ قدیمہ کے مطابق یہ دریافت…

مصر کے شمالی صوبے منوفیہ میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ایک وسیع قدیم قبرستان دریافت کیا ہے، جہاں سے سیکڑوں تابوت، سونے کے زیورات اور دیگر نایاب تاریخی اشیا برآمد ہوئی ہیں۔ مصری وزارتِ سیاحت و آثارِ قدیمہ کے مطابق یہ دریافت تل کوم ابو بیلو کے مقام پر ہوئی، جہاں موجود قبریں قدیم مصر کے آخری دور سے لے کر بطلیموسی اور ابتدائی رومی دور تک کی ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق مصری ماہرین کی ٹیم کو کھدائی کے دوران پتھر کے سیکڑوں تابوت ملے، جن میں سے بعض کے ڈھکن غائب تھے جبکہ کچھ ماضی میں لوٹ مار اور پتھر نکالنے کی سرگرمیوں کے باعث متاثر ہو چکے تھے۔ ان تابوتوں میں موجود انسانی باقیات زیادہ اچھی حالت میں محفوظ نہیں رہیں، تاہم ان میں حنوط کرنے کے لیے استعمال ہونے والے مواد اور خوشبودار مادوں کے آثار ملے ہیں۔

دریافت ہونے والی قیمتی اشیا میں سونے سے بنی زبان کی شکل کی چھوٹی تختیاں، زیورات، تعویذ، قدیم مجسمے اور مختلف مذہبی علامات شامل ہیں۔ ماہرین کو دیوی آئسس اور ایفروڈائٹی کی مشترکہ شکل کے مجسمے، ابوالہول اور قدیم مصری دیوتا حورس کے چھوٹے مجسمے بھی ملے ہیں۔ اس کے علاوہ دو بازوں کی تدفین کے آثار بھی دریافت ہوئے ہیں۔

منوفیہ میں آثارِ قدیمہ کے ڈائریکٹر جنرل مصطفیٰ رزق کے مطابق کھدائی سے مٹی کے تابوت، لکڑی کے تابوتوں کی باقیات اور کچی اینٹوں سے بنی محرابی قبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دریافت ہونے والی اشیا سے ظاہر ہوتا ہے کہ قدیم مصری اپنے مذہبی عقائد اور تدفین کی مخصوص رسومات کے مطابق مردوں کو دفن کرتے تھے۔

مصر کی سپریم کونسل آف اینٹیکویٹیز کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہشام اللیثی نے بتایا کہ اس مقام پر ایک کھلے احاطے میں اتنی بڑی تعداد میں تابوتوں اور قبروں کی دریافت اپنی نوعیت کی پہلی مثال ہے۔ ابتدائی تحقیق کے مطابق قبرستان زیادہ تر بطلیموسی دور، خصوصاً تیسری اور دوسری صدی قبل مسیح میں استعمال ہوتا تھا اور غالباً اس میں متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو دفن کیا جاتا تھا۔

ماہرِ مصریات ڈاکٹر حسین بصیر کے مطابق یہ دریافت قدیم مصری معاشرے میں زندگی، موت، دوبارہ جنم اور موت کے بعد کی زندگی سے متعلق عقائد کو سمجھنے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس قبرستان کا تعلق قدیم شہر ٹیرینوتھس سے بھی ہو سکتا ہے، جبکہ اس کے قریب واقع وادی النطرون قدیم زمانے میں حنوط کے لیے استعمال ہونے والے نمکیات کا اہم مرکز تھی۔

مصری وزارتِ سیاحت و آثارِ قدیمہ کے مطابق دریافت ہونے والے تابوتوں، زیورات اور دیگر تاریخی باقیات پر مزید تحقیق جاری رہے گی۔ ماہرین کو توقع ہے کہ آنے والی کھدائی سے اس قدیم آبادی کے رہن سہن، تدفین کی روایات اور علاقے کی تاریخ کے بارے میں مزید معلومات سامنے آئیں گی۔

خبر شیئر کریں