شاہ رخ خان دنیا کے 100 عظیم ترین فلمی ستاروں کی فہرست میں شامل، فہرست میں جگہ بنانے والے واحد بھارتی اداکار
بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے عالمی سینما میں ایک اور اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ امریکی شوبز میگزین ورائٹی (Variety) نے انہیں فلمی تاریخ کے 100 عظیم ترین ستاروں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ شاہ رخ خان اس فہرست میں جگہ بنانے والے واحد بھارتی اداکار ہیں، جبکہ انہیں 92 واں نمبر دیا گیا ہے۔
19 نومبر کو جاری ہونے والی اس فہرست میں مختلف ادوار کے معروف فلمی ستاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ امریکی اداکارہ مارلن منرو پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ ہمفری بوگارٹ دوسرے، چارلی چیپلن تیسرے اور جیک نکلسن چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹام کروز کو آٹھواں نمبر دیا گیا ہے۔
ورائٹی نے شاہ رخ خان کی فلمی خدمات اور عالمی مقبولیت کو سراہتے ہوئے سنجے لیلا بھنسالی کی 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دیوداس‘ کو ان کے کیریئر کی نمائندہ فلم قرار دیا ہے۔ فہرست میں شاہ رخ خان کو ہالی ووڈ کے معروف اداکاروں جوکوئن فینکس، ایما اسٹون اور زندایا سے بھی اوپر رکھا گیا ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کا آغاز 1980 کی دہائی کے آخر میں ٹیلی ویژن سے کیا تھا، جبکہ 1992 میں فلم ’دیوانہ‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ بعد ازاں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’دیوداس‘ اور ’مائی نیم از خان‘ جیسی فلموں نے انہیں بین الاقوامی سطح پر شہرت دلائی۔
تین دہائیوں سے زائد عرصے پر مشتمل فلمی کیریئر میں شاہ رخ خان 90 سے زیادہ فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ 2023 میں ان کی فلموں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ نے باکس آفس پر نمایاں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر بھارتی فلمی صنعت کے مقبول ترین اداکاروں میں نمایاں ہوئے۔
ورائٹی کی فہرست میں جولیا رابرٹس، آڈری ہیپ برن، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، ریان گوسلنگ اور رابرٹ پیٹنسن سمیت متعدد معروف اداکار بھی شامل ہیں۔ یہ درجہ بندی اداکاروں کی فنی صلاحیتوں کے ساتھ ان کی مقبولیت، تاریخی اہمیت اور فلمی صنعت پر اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔
دوسری جانب شاہ رخ خان اپنی نئی فلم ’کنگ‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں۔ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم میں ان کی بیٹی سہانا خان بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔