سزائے موت کے فیصلے کے باوجود شیخ حسینہ کا بنگلہ دیش واپسی کا اعلان، حکومت نے ہتھکڑیوں میں واپس لانے کا مؤقف اختیار کر لیا
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے 16 دسمبر 2026 کو وطن واپس آنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ وہ اگست 2024 میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں مقیم ہیں۔ ان کے ترجمان کے مطابق شیخ حسینہ نے بنگلہ دیشی حکومت سے درخواست کی ہے کہ انہیں ڈھاکہ واپس لانے کے لیے قومی فضائی کمپنی بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے طیارے کا انتظام کیا جائے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ عام مسافر کی حیثیت سے وطن واپس نہیں آ سکتیں بلکہ انہیں ہتھکڑیوں میں واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم اور انڈیا پر بنگلہ دیش میں حالیہ بدامنی کو ہوا دینے اور د-ہشت گرد سرگرمیوں کی حمایت کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
شیخ حسینہ کی واپسی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی جاری ہے۔ ان کی جماعت عوامی لیگ کی سرگرمیوں پر پابندی کے باوجود پارٹی کے حامی مختلف علاقوں میں مظاہرے کر رہے ہیں، جبکہ حکومت نے امن و امان کی صورتِ حال پر تشویش ظاہر کی ہے۔
گزشتہ سال بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے 2024 میں طلبہ کے احتجاج کے دوران مہلک کریک ڈاؤن سے متعلق انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ تاہم سابق وزیراعظم ان الزامات کی تردید کرتی ہیں اور عدالتی فیصلے کو مسترد کر چکی ہیں۔
ادھر انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے تازہ الزامات پر فوری ردعمل نہیں دیا۔ وزارت نے اپریل میں کہا تھا کہ وہ شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق بنگلہ دیش کی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ شیخ حسینہ کی 16 دسمبر کو وطن واپسی ممکن ہو سکے گی یا نہیں۔