امریکہ میں چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کو ایران پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی، بینک فراڈ اور امریکی کمپنیوں کے تجارتی راز چرانے کی سازش میں مجرم قرار دے دیا گیا
امریکہ کی ایک وفاقی عدالت نے چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کو ایران پر امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی، بینکوں کو گمراہ کرنے اور امریکی کمپنیوں کے تجارتی راز چرانے کی سازش سمیت 12 میں سے 10 الزامات میں مجرم قرار دے دیا ہے۔ تاہم عدالت نے کمپنی کو منظم جرائم کی سازش اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کے دو الزامات سے بری کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیویارک کے علاقے بروکلین کی وفاقی عدالت میں دو ماہ سے زائد جاری رہنے والے مقدمے میں استغاثہ نے 60 سے زیادہ گواہ پیش کیے۔ امریکی حکام نے الزام عائد کیا تھا کہ ہواوے نے ایران میں اپنی کاروباری سرگرمیوں سے متعلق ایچ ایس بی سی اور دیگر بینکوں کو غلط معلومات فراہم کیں، جبکہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی خفیہ معلومات اور ٹیکنالوجی حاصل کرنے کی کوششیں بھی کیں۔ اس مقدمے کا آغاز 2018 میں ہوا تھا۔
عدالتی فیصلے کے بعد ہواوے نے الزامات کو قانونی اور حقائق کی بنیاد پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے وکیل برائن ہیبرلگ نے کہا کہ وہ فیصلے سے مایوس ہیں، تاہم منظم جرائم کی سازش کے الزام سے بری ہونا اہم پیش رفت ہے۔ ہواوے کا مؤقف ہے کہ تجارتی رازوں سے متعلق تنازعات ماضی میں دیوانی مقدمات کے ذریعے حل کیے جا چکے ہیں اور کمپنی اپنی کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھے گی۔
دوسری جانب چین کی وزارتِ خارجہ نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ چینی کمپنیوں کے خلاف امریکی دباؤ اور پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے اور ان کے قانونی حقوق کے تحفظ کی حمایت جاری رکھے گا۔ امریکہ نے 2019 میں ہواوے کو تجارتی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا، جس کے باعث کمپنی کی امریکی ٹیکنالوجی تک رسائی محدود ہو گئی تھی۔ یہ مقدمہ پہلے ہی امریکہ اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی اور تجارت سے متعلق اختلافات کا اہم حصہ بن چکا ہے۔
امریکی عدالت میں ہواوے کی سزا اور ممکنہ مالی جرمانوں کا فیصلہ 14 ستمبر 2027 کو سنایا جائے گا۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ کمپنی کو کتنی مالی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہواوے دنیا کی بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے، جس کے دو لاکھ سے زائد ملازمین ہیں اور اس کی کاروباری سرگرمیاں تقریباً 170 ممالک میں پھیلی ہوئی ہیں۔