اسلام آباد میں ‘ازبکستان ٹووارزم روڈ شو 2025’کا انعقاد، پاک-ازبک سیاحتی تعلقات کو نئی جہت

ازبکستان کے سفارت خانے اور ازبک سیاحت کمیٹی کے اشتراک سے اسلام آباد میں ایک رنگا رنگ ‘ازبکستان ٹورازم روڈ شو 2025’ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ثقافتی اور سیاحتی روابط کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
تقریب میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو ، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سمیت مختلف ممالک کے سفارتکاروں، ٹریول ایجنٹس، اور ٹور آپریٹرز نے شرکت کی، جبکہ روایتی ازبک کھانوں، معلوماتی ویژول پریزنٹیشنز اور پرمغز تقاریر نے شرکاء کو وسطی ایشیائی تہذیب کی دلکشی سے روشناس کرایا۔

پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے اس موقع پر کہاکہ، یہ روڈ شو دراصل قدیم سلک روڈ کی روح کو اسلام آباد میں لے آیا ہے۔ ہم پاکستانی عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سمرقند، بخارا اور خیوہ جیسے تاریخی شہروں کا دورہ کریں۔

ازبک سیاحت کمیٹی کے چیئرمین عمید شودیف نے کہا کہ، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صدیوں پر محیط تاریخی و روحانی روابط موجود ہیں، جنہیں آج کے دور میں سیاحت کے ذریعے دوبارہ زندہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے امام بخاری (سمرقند)، بہاؤالدین نقشبند (بخارا)، اور الحکیم ترمذی (ترمذ) جیسے عظیم صوفیاء کے مزارات کو پاکستانی زائرین کے لیے روحانی پل قرار دیا۔
انہوں نے ازبکستان کے سیاحتی مقامات، یونیسکو ورثہ سائٹس، بابُر کے آبائی شہر فرغانہ، اور جدید سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سیاحتی پیکجز اور تعلیمی پروگرامز کے قیام کی تجویز دی۔

پاکستان ٹوورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے مینیجنگ ڈائریکٹر، آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ، یہ روڈ شو پاک-ازبک سیاحتی تعاون کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے، جو دونوں اقوام کو قریب لانے اور اقتصادی مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ، سیاحت کو دوستی، ثقافت اور خوشحالی کے پل کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں