ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ امریکی صدر منتخب ہوگئے ہیں ۔ اس سے قبل وہ 2016 میں امریکی صدر منتخب ہوئےتھے ۔ تاہم بعدازاں 2021 میں جوبائیڈن کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوگئے ۔ اس وقت یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ دیگر سابق امریکی صدور کی طرح ڈونلڈ ٹرمپ کا سیاسی کریئر بھی اختتام پذیر ہوگیا ہے ۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاسی ماہرین کے اندازے غلط ثابت کر دیے اور وہ سیاست میں پوری طرح متحرک رہے ۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے انتخابی نعروں اور وعدوں کے مطابق مختلف ممالک میں جاری جنگوں کا خاتمہ کرنے میں کردار ادا کریں گے۔ غالب گمان یہی ہے کہ وہ یوکرائین کی جنگ ختم کر سکتے ہیں ۔ اسی طرح وہ اسرائیل اور فلسطین کے مابین کوئی امن معاہدہ قائم کرنے میں کردار ادا سکتے ہیں ۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری مخاصمت کو کم کرنے کیلئے اقدامات کر سکتے ہیں ۔ اسی طرح بین الاقوامی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے مابین چپقلش کے خاتمے کیلئے وہ اپنے پہلے دور صدارت کی طرح اب بھی متحرک کردار ادا کریں گے ۔