سرد موسم میں زیادہ تر لوگ پیاس کم محسوس ہونے کی وجہ سے پانی پینا بھول جاتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق جسم کو سردیوں میں بھی اتنی ہی مقدار میں پانی کی ضرورت ہوتی ہے جتنی گرمیوں میں ہوتی ہے۔ مناسب مقدار میں پانی پینا پورے سال صحت مند رہنے کے لیے ضروری ہے۔
سرد موسم میں جلد اور ہونٹوں میں خشکی بڑھ جاتی ہے۔ اگر جسم میں پانی کی کمی ہو جائے تو یہ خشکی مزید بڑھتی ہے اور جلد کھنچنے لگتی ہے۔ پانی جسم اور جلد دونوں کو نمی فراہم کرتا ہے اور سردی کی وجہ سے ہونے والی تکلیف سے بچاتا ہے۔
پانی قوتِ مدافعت کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ یہ جسم سے فاسد مادّوں کو خارج کرتا ہے اور نزلہ، زکام اور فلو جیسی عام سردی کی بیماریوں سے بچنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ سردیوں میں مناسب مقدار میں پانی پینے سے خون کی گردش بہتر رہتی ہے جس سے جسم میں گرمی بھی برقرار رہتی ہے اور دن بھر توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ پانی گردوں کے کام کو بہتر کرتا ہے اور نظامِ ہاضمہ کو بھی فعال رکھتا ہے۔
سردیوں میں پانی پینے کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ دن کا آغاز ایک گلاس نیم گرم پانی سے کریں۔ اپنے پاس ہمیشہ پانی کی بوتل رکھیں، اور کوشش کریں کہ ہر دو گھنٹے بعد ایک گلاس پانی ضرور پئیں، چاہے پیاس نہ بھی لگ رہی ہو