خالی پیٹ یہ کھائیں اور پیٹ کی چربی کم کریں، ماہرین

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ اگر دن کا آغاز سوچ سمجھ کر کی جانے والی خوراک سے کیا جائے تو وزن کم کرنا نسبتاً آسان ہو جاتا ہے۔ صبح خالی پیٹ کھائی یا پی جانے والی بعض غذائیں جسم کے میٹابولزم کو تیز کرتی ہیں، بھوک پر قابو پانے میں مدد دیتی ہیں اور جسم میں چربی جمع ہونے کے عمل کو سست کر دیتی ہیں، اسی لیے وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کو صبح کی خوراک پر خاص توجہ دینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

فٹنس ماہرینِ صحت وزن بڑھنے کی اصل وجہ ایک دن زیادہ کھانا نہیں بلکہ روزمرہ کی غلط عادات، صبح کا غیر صحت مند آغاز، غیر ضروری خواہشات اور جسم میں آہستہ آہستہ چربی کا جمع ہونا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر صبح کی شروعات درست انداز میں کی جائے تو وزن کنٹرول میں رکھنا مشکل نہیں رہتا۔

ماہرین کے مطابق اگر مقصد پیٹ کی چربی کم کرنا اور جسم کو فِٹ رکھنا ہو تو دن کی شروعات بھگوئے ہوئے بادام یا اخروٹ سے کی جا سکتی ہے۔ یہ غذائیں پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی سے بھرپور ہوتی ہیں جو دیر تک توانائی فراہم کرتی ہیں اور غیر ضروری بھوک کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

اسی طرح خالی پیٹ بغیر چینی کے آملے کا رس پینا بھی فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آملہ نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے، میٹابولزم کو تیز کرتا ہے اور بھوک پر قابو رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے وزن کم کرنے کا عمل آسان ہو جاتا ہے۔

برازیل نٹس کو بھی خالی پیٹ خوراک میں شامل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ ان میں ایسے قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں جو جسم کو دیر تک توانا رکھتے ہیں، ہارمونز کے توازن کو بہتر بناتے ہیں اور مجموعی صحت پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔ انہیں پانی یا بھگوئے ہوئے بادام کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین خالی پیٹ گرم پانی میں ہلدی اور کالی مرچ ملا کر پینے کو بھی ایک مفید عادت قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ مشروب جسم کے اندرونی نظام کو متحرک کرتا ہے اور صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

چیا سیڈ ملا پانی بھی وزن کنٹرول کرنے کا ایک آسان اور قدرتی طریقہ بتایا جاتا ہے۔ اگرچہ یہ براہِ راست چربی نہیں جلاتا، تاہم بھوک کم کرنے اور ہاضمہ بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے، جس کے نتیجے میں انسان کم کیلوریز استعمال کرتا ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ اگر ان غذاؤں کو باقاعدگی سے متوازن خوراک، ہلکی پھلکی ورزش اور روزانہ کی صحت مند عادات کے ساتھ اپنایا جائے تو ایک سے تین ماہ کے اندر واضح فرق محسوس کیا جا سکتا ہے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں