جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف ایک روزہ دورے پر باکو پہنچ گئے۔ حیدر علیوف بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صدر شوکت مرزا ئیویف کا استقبال آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات مکائیل جباروف اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے کیا۔
دورے کے دوران ازبکستان کے صدر اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق فریم ورک کنونشن کی 29 ویں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ازبک صدر کی مختلف ممالک کے سربراہان اور بین الاقوامی تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
ازبکستان کے وفد نے کوپ-29 کے دوران کئی اعلیٰ سطحی تقاریب کا انعقاد بھی کیا ہے، جن میں زمین کے کٹاؤ اور صحرائی علاقوں کی روک تھام، ماحولیاتی تعلیم کا فروغ، اور موسمیاتی ایجنڈے میں نوجوانوں کے کردار پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ازبکستان کے خصوصی نیشنل پویلین میں 20 سے زائد پروگرام منعقد ہوں گے، جن میں ارال سمندر کے خطے کے سماجی و ماحولیاتی مسائل کے حل، سبز معیشت کی ترقی، قابل تجدید توانائی اور پانی کی بچت والی ٹیکنالوجیز کے نفاذ، غذائی تحفظ کی فراہمی، اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔