انگلینڈ کے اوپننگ بلے باز فل سالٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے کے بعد کہا ہے کہ ان کا ہدف دنیا کا بہترین ٹی ٹوئنٹی اوپنر بننا ہے۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں فل سالٹ نے صرف 60 گیندوں پر ناقابلِ شکست 141 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 23 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے، انہوں نے صرف 39 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے لیام لیونگسٹون کا تیز ترین انگلش ٹی ٹوئنٹی سنچری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
انگلینڈ نے اس میچ میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے، جو دو ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑا اسکور ہے، بعدازاں انگلش بولرز نے جنوبی افریقہ کو 158 رنز پر آؤٹ کر کے میچ 146 رنز سے جیت لیا، اس فتح کے ساتھ سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی، اور اب فیصلہ کن میچ اتوار کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔
فل سالٹ نے پہلے اوور میں مارکو یانسن کو تین لگاتار چوکے لگا کر ہی اپنے خطرناک ارادے ظاہر کر دیے تھے، پچھلے میچ میں وہ پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے تھے، لیکن اس بار اپنے گھریلو میدان پر صرف تین گیندوں پر 18 رنز بنا ڈالے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ میچ میں ابتدا ہی سے اثر ڈالنا چاہتے ہیں اور یہی ان کی انفرادیت ہے، ان کا کہنا تھا اگر آپ کسی سے جگہ لینا چاہتے ہیں تو آپ کو کچھ ایسا کرنا ہوگا جو وہ نہ کر سکے۔
سالٹ نے مزید کہا کہ وہ ہر میچ میں گہرائی تک بیٹنگ کرنا چاہتے ہیں لیکن اسٹرائیک ریٹ بھی تیز رکھنا چاہتے ہیں، اور یہی وہ توازن ہے جس پر وہ محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد یہ ہے کہ میں اس فارمیٹ میں دنیا کا بہترین بلے باز بنا چاہتا ہوں۔
اس میچ میں کپتان جوس بٹلر بھی شاندار فارم میں تھے اور صرف 30 گیندوں پر 83 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 47 گیندوں پر سالٹ کے ساتھ 126 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی اور صرف 18 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ فل سالٹ نے بھی اعتراف کیا کہ وہ جوس بٹلر کی سوچ اور تسلسل سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کپتان ہیری بروک نے سالٹ کی کارکردگی کو سراہاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی صلاحیت کا ثبوت ہے کہ وہ دنیا کی سب سے غالب ٹیم بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا سالٹ کا پہلی ہی گیند پر چوکا لگانا خاص طور پر پچھلے میچ کی گولڈن ڈک کے بعد ان کے جذبے اور خود اعتمادی کی عکاسی کرتا ہےان کا کہنا تھا اگر ہم اسی طرح کھیلتے رہے تو دنیا کی کوئی بھی ٹیم ہمیں نہیں ہرا سکتی۔