ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا ایونٹ سے باہر، زمبابوے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا

2021 کی چیمپئن ٹیم آسٹریلیا ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی، جبکہ زمبابوے نے آئرلینڈ کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کے بعد سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

گروپ بی کا یہ میچ پلے کیلے اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، لیکن دن بھر ہلکی بارش کے باعث گراؤنڈ ڈھکا رہا اور امپائرز نے مقامی وقت کے مطابق، شام 5:30 بجے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ کم از کم پانچ اوور کا میچ شروع کرنے کے لیے وقت باقی نہیں رہا تھا۔

زمبابوے اب پانچ پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ گیا ہے اور سری لنکا کے ساتھ گروپ سے کوالیفائی کر لیا۔ اگلے مرحلے میں اسے ویسٹ انڈیز، بھارت اور جنوبی افریقہ کا سامنا کرنا ہوگا۔ آئرلینڈ بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیاہے۔

آسٹریلیا کو اپنی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے آئرلینڈ کی جیت درکار تھی، لیکن میچ منسوخ ہونے سے اس کے امکانات ختم ہو گئے۔ آسٹریلیا کے دو پوائنٹس ہیں اور وہ عمان کے خلاف آخری میچ جیت کر بھی زمبابوے سے پیچھے رہے گا۔

زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپر ایٹ تک پہنچنا بڑی کامیابی ہے، لیکن ابھی مزید سخت مقابلے باقی ہیں۔ ان کے مطابق ٹیم صرف یہاں تک پہنچنے کے لیے نہیں آئی بلکہ مزید آگے جانا چاہتی ہے۔

یاد رہے، آسٹریلیا 2021 میں ٹائٹل جیتنے کے بعد مسلسل تیسری بار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں