بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقہ نے ڈبل سپر اوور کے ڈرامائی معرکے کے بعد افغانستان کو شکست دے دی ہے۔ میچ مقررہ اوورز میں برابر رہا اور پھر پہلا سپر اوور بھی ٹائی ہوگیا، تاہم دوسرے سپر اوور کی آخری گیند پر جنوبی افریقہ نے فتح اپنے نام کرلی۔
میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم بھی 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں مقابلہ برابر ہوگیا۔ پہلے سپر اوور میں دونوں ٹیموں نے 17، 17 رنز اسکور کیے جس کے بعد فیصلہ دوسرے سپر اوور پر چلا گیا۔
دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقہ نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 23 رنز بنائے۔ افغانستان کی اننگز کے آغاز میں ہی دوسری گیند پر ایک وکٹ گر گئی، جس کے بعد رحمان اللہ گربز کو چار گیندوں پر چار چھکوں کی ضرورت تھی۔ گربز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیشو مہاراج کو لگاتار تین زبردست چھکے رسید کیے۔ پانچویں گیند وائیڈ ہونے کے بعد افغانستان کو جیت کے لیے آخری گیند پر چھ رنز جبکہ میچ کو تیسرے سپر اوور میں لے جانے کے لیے چار رنز درکار تھے۔ تاہم اس سنسنی خیز لمحے میں مہاراج نے وائیڈ یارکر کرائی جس پر گربز باؤنڈری لگانے کی کوشش میں ڈیوڈ ملر کے ہاتھوں میں کیچ دے بیٹھے۔
اس سے قبل افغانستان کو آخری اوور میں جیت کے لیے 13 رنز درکار تھے اور اس کے پاس صرف ایک وکٹ باقی تھی۔ کاگیسو ربادا نے اس اوور میں دو نو بالز اور ایک وائیڈ کی، جبکہ نور احمد نے ایک چھکا بھی لگایا۔ افغانستان کو آخری تین گیندوں پر دو رنز درکار تھے لیکن نور احمد دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے اور اسکور برابر ہوگیا، جس کے بعد میچ سپر اوور میں داخل ہوا۔
افغانستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں رحمان اللہ گربز نے شاندار 84 رنز صرف 42 گیندوں پر اسکور کیے اور ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی اننگز میں کوئنٹن ڈی کوک اور ریان رکلیٹن نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ افغانستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ابتدائی وکٹ جلد گرنے کے بعد ڈی کوک (59) اور رکلیٹن (61) نے 114 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ ایک موقع پر جنوبی افریقہ کا اسکور 200 سے زائد نظر آ رہا تھا، تاہم راشد خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دونوں سیٹ بیٹرز کو تین گیندوں کے اندر آؤٹ کر دیا۔ ڈی کوک ڈیپ مڈوکٹ پر کیچ ہوئے جبکہ رکلیٹن ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔
اس کے بعد جنوبی افریقہ کی رفتار کچھ سست پڑ گئی اور ڈیوالڈ بریوس 19 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اختتامی اوورز میں ڈیوڈ ملر نے ناقابل شکست 20 رنز اور مارکو ینسن نے صرف سات گیندوں پر 16 رنز بنا کر ٹیم کو 187 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ جنوبی افریقہ کی گروپ ڈی میں مسلسل دوسری کامیابی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔