امریکی معاشی جنگ کے دباؤ سے ایران کی معیشت نہیں ٹوٹے گی: گورنر ایرانی مرکزی بینک

ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالنصر ہمتی نے کہا ہے کہ امریکی معاشی دباؤ کے باوجود ایران کی معیشت نہیں ٹوٹے گی اور تہران نے ملک میں تباہ کن افراطِ زر پیدا کرنے کے واشنگٹن کے بنیادی ہدف کو ناکام بنا دیا ہے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عبدالنصر ہمتی نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ ایرانی شہریوں کو روزمرہ زندگی میں معاشی دباؤ کا سامنا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکی معاشی اقدامات کے باعث پیدا ہونے والے شدید خطرات کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہا ہے اور ملکی معیشت دباؤ کے باوجود برقرار ہے۔

ایرانی مرکزی بینک کے گورنر نے دعویٰ کیا کہ امریکہ کا ایک اہم مقصد ایران میں انتہائی بلند اور بے قابو افراطِ زر کی صورتحال پیدا کرنا تھا، تاہم ایران اس کوشش کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا۔

عبدالنصر ہمتی نے موجودہ معاشی صورتحال کو ایک اقتصادی محاذ قرار دیتے ہوئے امریکہ اور اس-رائیل پر ایران کے خلاف معاشی دباؤ بڑھانے کا الزام بھی عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود ایرانی معیشت امریکی معاشی دباؤ کا مقابلہ جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں