چین-کرغزستان- ازبکستان ریلوے کی تعمیر کا آغاز، نائب وزیرِ اعظم ازبکستان کی شرکت

جلال آباد میں چین- کرغزستان – ازبکستان ریلوے لائن کی تعمیر کے آغاز کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جِس میں ازبکستان کے نائب وزیرِ اعظم، چین کے ترقی و منصوبہ بندی کے چئیرمین اور کرغز صدر نے شرکت کی۔

تقریب میں تینوں ممالک کے درمیان شاندار ریلوے ٹریک اور تجارتی مستقبل پر غور و فکر کیا گیا۔ نائب وزیرِ اعظم ازبکستان نے صدر شوکت مرزائیوف کا پیغام پڑھ کر سُنایا ۔ اُن کا کہنا تھا کہ ” یہ ریلوے لائن 15 ملین ٹن سالانہ کارگو کی ترسیل کرنے کے قابل ہے۔ یہ ٹریک نہ صرف وسطی ایشیا کو چین سے جوڑے گا، بلکہ خطے کا مختصر ترین تجارتی رستہ بھی ثابت ہوگا۔

چین کے ترقی و منصوبہ بندی کے چئیرمین ژینگ شینجی نے چینی صدر شی جن پن کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اُنہوں نے کہا کہ “یہ پراجیکٹ ، ایشیا اور مغرب کے درمیان ایک نیا زمینی تجارتی رستہ کھولے گا، اور تینوں ممالک کے درمیان لوگوں کا اور مصنوعات کا تبادلہ بڑھے گا، جِس سے خطہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

کرغزستان کے صدر سدیر جباروف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے ٹریک کو خطے کے لیے امن و استحکام اور ترقی کی علامت قرار دیا، اُنہوں نے کہا کہ “مغرب اور مشرق کے درمیان یہ صرف ایک تجارتی راہداری نہیں، بلکہ اسٹریٹجک راہداری بھی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں