راولپنڈی میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز میں 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔
کانفرنس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی میراث پاکستان کی قومی سلامتی کی بنیاد ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل کارکردگی اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی تعاون سے پاکستان سکیورٹی میں بہتری، معاشی استحکام اور عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مضبوط بنا رہا ہے۔
اجلاس میں داخلی اور خارجی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ آپریشن “غضب للحق” کو دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رکھنے کا فیصلہ بھی دہرایا گیا۔
فورم نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کشیدگی کم کرنے، مذاکرات اور تحمل کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کے ایک ذمہ دار علاقائی کردار کے طور پر امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
اجلاس میں سعودی عرب کی پیٹروکیمیکل اور صنعتی تنصیبات پر حالیہ حملوں کی مذمت کی گئی اور اسے کشیدگی میں اضافہ قرار دیا گیا۔ فورم نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں جاری سفارتی کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔
فورم نے بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات اور پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیانیہ عالمی سطح پر بے بنیاد ثابت ہو چکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مبینہ جعلی مقابلوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کمانڈرز کو ہدایت دی کہ وہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور چوکسی برقرار رکھیں، اور ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔