برکس کا سربراہ اجلاس آج سے شروع، 32 ممالک کے وفود کی شرکت

برکس تنظیم کا سربراہ اجلاس آج سے روس کے نیم خود مختار علاقے تاتارستان میں شروع ہو رہا ہے، جس میں رکن ممالک کے علاوہ 32 ممالک کے وفود بھی شریک ہوں گے۔ قازن شہر میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کا عنوان “عالمی سطح پر مساویانہ ترقی اور سکیورٹی کو مضبوط بنانا” رکھا گیا ہے۔ اس دو روزہ اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے اہم معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے، جبکہ سعودی عرب کے کردار کی وضاحت بھی کی جائے گی۔

برکس اجلاس کا پہلا دور آج اور کل ہوگا، جس میں تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل شریک ہوں گے۔ برازیل، روس، انڈیا، چین اور جنوبی افریقا پر مشتمل اس تنظیم میں مصر، متحدہ عرب امارات، ایران اور ایتھوپیا بھی شامل ہو چکے ہیں۔

اجلاس کے دوسرے دور میں 38 ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جن میں سے 32 ممالک نے وفود بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ترکی، آذربائیجان، الجزائر، ملائیشیا، شام، بیلا روس، اور تھائی لینڈ سمیت کئی ممالک نے اس تنظیم کا رکن بننے کی خواہش ظاہر کی ہے اور متعدد نے باضابطہ درخواستیں بھی جمع کروائی ہیں۔

برکس کے رکن ممالک کی مشترکہ جی ڈی پی 60 کھرب ڈالر ہے، جو دنیا کی کل جی ڈی پی کا 37.5 فیصد بنتی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں