آج آذربائیجان میں یوم بحالیِ آزادی منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 18 اکتوبر 1991 کو آذربائیجان کی سپریم کونسل کی جانب سے آئینی ایکٹ “جمہوریہ آذربائیجان کی ریاستی آزادی پر” کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے ذریعے آذربائیجان نے اپنی آزادی بحال کی۔ یہ آئینی ایکٹ 28 مئی 1918 کی آزادی کے اعلان اور 30 اگست 1991 کو ریاستی آزادی کی بحالی سے متعلق سپریم کونسل کے اعلامیہ کا حوالہ دیتا ہے، جس میں واضح کیا گیا کہ آذربائیجان جمہوریہ، آذربائیجان ڈیموکریٹک ریپبلک کی جانشین ہے۔
اس سال، آذربائیجان کی آزادی بحالی کو 33 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ آذربائیجان کی عوام یہ دن اُس کامیاب قوم کے طور پر مناتی ہے جس نے نہ صرف اپنی آزادی بلکہ علاقائی سالمیت کو بھی بحال کیا ہے۔ 1992 میں، آذربائیجان کے ملی مجلس نے قومی ترانہ کی منظوری دی جس کی موسیقی ازیر حاجیبےلی اور بول احمد جاوید نے لکھے تھے۔ اسی سال ریاستی نشان کی بھی منظوری دی گئی جس میں آذربائیجان کے پرچم کے رنگوں کے پس منظر میں ایک آٹھ کونوں والا ستارہ دکھایا گیا ہے جس کے مرکز میں شعلے کی تصویر ہے۔ 2021 میں پارلیمنٹ کے اجلاس میں ایک نیا قانون “یوم آزادی” کے نام سے منظور کیا گیا جس کے بعد 18 اکتوبر کو یوم ریاستی آزادی کا نام تبدیل کر کے یوم بحالیِ آزادی رکھا گیا۔ یہ دن ہر سال سرکاری تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے۔