افغانستان میں خاتون ڈاکٹر نہ ہونے پر خواتین علاج سے محروم
افغانستان میں طا-لبان کی جانب سے عائد پابندیوں اور خواتین ڈاکٹرز کی کمی کے باعث لاکھوں خواتین، خصوصاً حاملہ خواتین، کو ضروری طبی سہولیات تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملک کے کئی علاقوں میں مرد ڈاکٹروں کو خواتین کے علاج کی اجازت نہیں، جس کے باعث خواتین ڈاکٹر کی عدم موجودگی میں مریضوں کو علاج سے محروم رہنا پڑتا ہے۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کی 26 نومبر 2026 کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق طا-لبان کی پابندیوں اور بین الاقوامی امداد میں کمی کے باعث افغانستان میں خواتین کے لیے صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی مسلسل محدود ہوتی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ میں افغانستان کے صوبہ کنڑ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کا واقعہ بھی بیان کیا گیا ہے، جنہیں متعدد مرتبہ اسقاط حمل کا سامنا کرنا پڑا، لیکن وہ طبی امداد حاصل نہیں کر سکیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق ایسے واقعات خواتین، خصوصاً حاملہ خواتین، کو درپیش سنگین طبی مشکلات کی عکاسی کرتے ہیں۔
افغان خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم 28 سالہ تمنا زریاب پریانی نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طا-لبان کی پابندیوں کے باعث افغان خواتین کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ انہوں نے افغانستان کی موجودہ صورت حال کو صنفی بنیادوں پر امتیازی نظام قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے افغان خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
تمنا زریاب پریانی پیشے کے اعتبار سے قانون دان ہیں اور طا-لبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے قبل صحافت کے شعبے سے وابستہ تھیں۔ اگست 2021 میں طا-لبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد انہوں نے خواتین کے حقوق پر عائد پابندیوں کے خلاف مظاہروں میں حصہ لیا۔ جنوری 2022 میں انہیں اپنی بہنوں سمیت کابل میں حراست میں لیا گیا تھا، تاہم رہائی کے بعد وہ یورپ منتقل ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق 2021 میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد طا-لبان خواتین اور لڑکیوں کی زندگیوں کو محدود کرنے والے 100 سے زائد احکامات جاری کر چکے ہیں۔ ان پابندیوں کے تحت لڑکیوں کو ثانوی تعلیم اور خواتین کو یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے، جبکہ گھر سے باہر ملازمت کے مواقع بھی انتہائی محدود کر دیے گئے ہیں۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یوناما) نے ستمبر 2025 میں اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ طا-لبان کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے اہلکاروں کی جانب سے مختلف احکامات کے نفاذ کے نتیجے میں خواتین کی طبی سہولیات تک رسائی مزید محدود ہوئی ہے۔
خواتین کی طبی تعلیم اور تربیت پر عائد پابندیوں کے باعث مستقبل میں خواتین ڈاکٹرز اور طبی عملے کی قلت مزید بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ مقامی آبادیوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے خواتین کو دائیوں کی تربیت بھی فراہم کرتی رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان میں تقریباً 26 لاکھ لڑکیاں ثانوی تعلیم سے محروم ہیں۔ یو این ویمن نے خبردار کیا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم پر پابندیوں کے نتیجے میں کم عمری کی شادیوں اور دوران حمل و زچگی خواتین کی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
افغانستان کی آبادی تقریباً ساڑھے چار کروڑ ہے اور اس کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں نوجوان آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے۔ ملک کی آبادی کی اوسط وسطانی عمر تقریباً 17 سال ہے، جبکہ 42 فیصد آبادی 15 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔
افغانستان کی امریکن یونیورسٹی میں بین الاقوامی فوجداری قانون کے پروفیسر ہارون معتصم نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں خواتین کے ساتھ ہونے والا سلوک صنفی بنیادوں پر انفرادی امتیاز سے بڑھ کر ایک منظم اور ادارہ جاتی نظام کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ افغان خواتین کے حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی جانب سے مؤثر ردعمل سامنے نہ آنے کی صورت میں انسانی حقوق کے عالمی اصول کمزور پڑ سکتے ہیں، جبکہ دیگر آمرانہ حکومتیں اور انتہا پسند تحریکیں بھی ایسے اقدامات اپنا سکتی ہیں۔
دوسری جانب افغانستان میں غذائی قلت کی صورت حال بھی سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے تخمینوں کے مطابق 2027 میں پانچ سال سے کم عمر 40 لاکھ سے زائد بچوں اور تقریباً 12 لاکھ 70 ہزار حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو شدید غذائی قلت کے علاج کی ضرورت ہوگی۔
افغانستان میں یو این ویمن کی خصوصی نمائندہ سوزن فرگوسن نے موجودہ صورت حال کو خواتین کے حقوق کا دنیا کا بدترین بحران قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان خواتین اب اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں۔
ان کے مطابق بین الاقوامی امداد میں کمی کے باعث انسانی امداد فراہم کرنے والی تنظیموں کو انتہائی مشکل فیصلوں کا سامنا ہے کہ کن خواتین اور لڑکیوں کو امداد فراہم کی جائے اور کنہیں وسائل کی کمی کے باعث واپس بھیج دیا جائے۔
یو این ویمن کے ایک حالیہ سروے کے مطابق افغانستان میں خواتین کے زیر انتظام 74 تنظیموں میں سے تقریباً نصف کو خدشہ ہے کہ مالی وسائل کی کمی کے باعث اپریل 2027 تک انہیں اپنی سرگرمیاں معطل کرنا پڑیں گی یا اپنے ادارے بند کرنا ہوں گے، جس سے لاکھوں خواتین ضروری خدمات سے محروم ہو سکتی ہیں۔