پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کی ٹرافی کا ملک گیر سفر حیدرآباد سے شروع ہوگیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ٹرافی کو کسی تعلیمی ادارے میں لے جایا گیا، جہاں فاؤنڈیشن پبلک اسکول کے طلبہ نے اسے قریب سے دیکھا، خوشی کا اظہار کیا اور یادگار سیلفیز بنوائیں۔
یہ ٹرافی پاکستان کے 11 شہروں کا سفر کرے گی۔ اگلے مرحلے میں اسے کراچی لے جایا جائے گا، جہاں فریئر ہال سمیت مختلف مقامات پر نمائش کی جائے گی۔ اس کے بعد یہ لاہور، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد میں عوام کے لیے پیش کی جائے گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اس ٹرافی ٹور کا مقصد پورے پاکستان میں کرکٹ کے شوق کو مزید بڑھانا اور شائقین کو پی ایس ایل کا حصہ بننے کا موقع دینا ہے۔
یہ یادگار ٹرافی چاندی سے بنی ہوئی ہے، اس کا وزن 10 کلوگرام ہے اور اسے 22 ہزار سے زائد قیمتی زرقون پتھروں سے سجایا گیا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا اور 18 مئی تک جاری رہے گا۔ افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ ایونٹ کے دیگر میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوں گے۔