پاکستان سپر لیگ 10 کا راولپنڈی میں شاندار افتتاح، تقریب میں جوش و خروش کا طوفان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا رنگا رنگ آغاز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوا، جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب کو یادگار بنا دیا۔ اسٹینڈز شائقین سے کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے، اور ہر چہرہ جوش، ولولے اور کرکٹ کے جذبے سے دمک رہا تھا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد ایک منفرد منظر نے حاضرین کو حیران کر دیا۔فلائنگ سپر ہیرو نے فضاء میں بلند ہو کر اسٹیڈیم کا چکر لگایا اور پی ایس ایل ٹرافی چیف آپریٹنگ آفیسر، سلمان نصیر کے سپرد کی۔ اسی دوران میدان میں مینارِ پاکستان کا تھری ڈی ماڈل بھی دکھایا گیا، جسے شائقین نے بھرپور پذیرائی بخشی۔
مشہور اداکار، حمزہ علی عباسی نے اس موقع پر پی ایس ایل کے ایک دہائی پر محیط یادگار سفر کو جذباتی انداز میں بیان کیا۔ ان کی گفتگو کے بعد عظیم صوفی گلوکارہ، عابدہ پروین نے روحانی کلام پیش کیا، جس کے دوران تھری ڈی اینی میشن کے ذریعے صوفی ازم کی عکاسی کی گئی۔ اس لمحے اسٹیڈیم میں ایک گہرا سکون اور روحانی فضا چھا گئی۔

تقریب کا دوسرا حصہ نوجوانوں کے پسندیدہ ریپ بینڈ ینگ اسٹنرز کے نام رہا۔ طلحہ انجم اور طلحہ یونس نے اپنے مخصوص انداز میں اسٹیج کو گرما دیا اور شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ ان کی پرفارمنس کے اختتام پر آسمان پر رنگ برنگی آتشبازی نے منظر کو اور بھی جاندار بنا دیا۔
اس کے بعد اسٹیج پر سپر اسٹار، علی ظفر ایک جیپ میں سوار ہوکر پہنچے، اور اپنی علاقائی زبانوں میں گائی گئی پرفارمنس سے محفل لوٹ لی۔ ان کے گیتوں پر اسٹیڈیم گونج اٹھا، جبکہ آتشبازی نے ایک بار پھر اس منظر کو ناقابلِ فراموش بنا دیا۔

افتتاحی تقریب میں پی ایس ایل 10 کا آفیشل سانگ بھی پیش کیا گیا، جس میں علی ظفر، ابرارالحق، نتاشہ بیگ اور ینگ اسٹنرز نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ اس ملی جُلی کمپوزیشن نے شائقین کے دل موہ لیے اور پی ایس ایل کی 10 سالہ کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

پی ایس ایل 10 کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان آج شب ساڑھے آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ راولپنڈی میں ہوگا، جہاں 11 میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
لاہور کا قذافی اسٹیڈیم فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کرے گا، جبکہ کراچی اور ملتان میں 5،5 میچ کھیلے جائیں گے۔
37 دنوں پر محیط یہ کرکٹ میلہ 11 اپریل سے 18 مئی تک جاری رہے گا، جس میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے اور 6 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں