نمیبیا کو بڑی مارجن سے شکست دے کر پاکستان نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں اپنی اب تک کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیاہے۔

بدھ کے روز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔صاحبزادہ فرحان نے 58 گیندوں پر ناقابلِ شکست 100 رنز بنائے، جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریئر کی پہلی سنچری ہے۔

فرحان کو کپتان سلمان آغا کا بھی بھرپور ساتھ ملا، جنہوں نے 23 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ بعد ازاں شاداب خان نے پانچویں نمبر پر آ کر 22 گیندوں پر ناقابلِ شکست 36 رنز اسکور کیے۔ فرحان اور شاداب کے درمیان 6 اعشاریہ 4 اوورز میں 81 رنز کی تیز رفتار شراکت بنی جس نے اسکور کو 200 کے قریب پہنچا دیا۔

ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم ابتدا میں کچھ بہتر نظر آئی اور اوپنر لورین اسٹین کیمپ نے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، تاہم اس کے بعد وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 97 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو 16 رنز دے کر آؤٹ کیا۔ شاداب خان نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سپر ایٹ مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر لی، جبکہ نمیبیا کو گروپ مرحلے میں تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ایونٹ سے باہر ہو گئی۔

پاکستان اب اتوار کو کولمبو میں نیوزی لینڈ کے خلاف سپر ایٹ مرحلے کا اہم میچ کھیلے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں