دوبئی میں ہونے والے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے ہرا دیا ہے، ابھی میچ کی گیارہ گیندیں باقی تھیں۔ ٹاس آسٹریلیا نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پچاس اوورز میں دو سو چونسٹھ رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے سٹیو سمتھ نے چوہتر رنز بنائے ، کیری نے بھی ففٹی بنائی، تاہم سمتھ، مییکسویل کی وکٹیں گر جانے سے آسٹریلیا ڈیتھ اوورز یعنی آخری دس اوورز میں صرف اکاون (51)رنز بنا پایا۔ اگر آسٹریلین وکٹیں نہ گر جاتیں تو پچیس تیس رنز مزید بن سکتے تھے، جس سے انڈیا پر دبائو رہتا۔
انڈین فاسٹ باولر شامی نے اچھی باولنگ کراتے ہوئے تین وکٹیں لیں جبکہ ان کے چاروں سپنرز نے عمدہ کفایتی باولنگ کرائی، جدیجہ اور ورن چکرورتی نے دو وکٹیں لیں جبکہ پانڈیا اور اکثر پٹیل کو ایک ایک وکٹ ملی۔
انڈیا کا سٹارٹ اچھا نہیں تھا، دو وکٹیں جلد گر گئیں ،تاہم کوہلی اور شریاس آئیر کی اکیانوے (91)رنز کی پارٹنر شپ نے صورتحال سنبھال لی، کوہلی نے چوراسی رنز بنائے، شریاس آئیر نے پنتالیس جبکہ کے راہول نے آخر میں اچھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بیالیس رنز بنائے اور وہ ناٹ آوٹ رہے، راہول نے چھکا لگا کر وننگ شاٹ کھیلا تھا۔ ہاردک پانڈیا نے بھی تیز رفتار اٹھائیس رنز بنائے جن میں تین چھکےشامل تھے، پانڈیا نے زمپا کو دو مسلسل چھکے لگائے۔ اسی وجہ سے انڈیا دبائو سے نکل آیا اور انچاسویں اوورکی پہلی گیند پر ہدف حاصل کر لیا گیا۔
ویراٹ کوہلی کو اپنی میچ وننگ اننگ کی وجہ سے مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔
انڈیا فائنل میں پہنچ گیا ، یعنی اب فائنل پاکستان کے بجائے دوبئی میں ہوگا۔ کل دوسرا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا، جیتنے والی ٹیم فائنل میں انڈیا سے کھیلے گی۔