ایشیا کپ 2025: بھارت کی عمان کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 21 رنز سے کامیابی

بھارت اور عمان کے درمیان کھیلا گیا ٹی ٹوئنٹی میچ شائقین کرکٹ کے لیے انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا، جہاں بھارتی ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 21 رنز سے شکست دے دی۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز کا مضبوط مجموعہ ترتیب دیا۔

بھارتی بیٹنگ لائن کی جانب سے سنجو سیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے ساتھ ابھیشیک شرما نے 38، تلک ورما نے 29، اکشر پٹیل نے 26 اور ہرشت رانا نے 13 رنز بنائے۔

عمان کی جانب سے بولنگ میں عامر کلیم، شاہ فیصل اور جیتن رماندی نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم نے بھی بھرپور مزاحمت کی۔ عامر کلیم نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 64 رنز بنائے، جب کہ حماد مرزا نے 51 اور جتیندر سنگھ نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم، وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے اور عمان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی بنا سکی۔

بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا، ہرشت رانا اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں