ایشین گیمز: پاکستان نے اسکواش کے فائنل میں جگہ بنا لی

پاکستانی اسکواش ٹیم نے ایشین گیمز ناگویا کے مینز ٹیم ایونٹ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا ہانگ کانگ سے ہوا، جہاں قومی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔ ابتدائی میچ میں نور زمان کو ہانگ کانگ کے لاؤ زز کوان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نور زمان نے پہلا گیم 10-12 سے جیتا، تاہم حریف نے اگلے تین گیمز 3-11، 6-11 اور 5-11 سے اپنے نام کرکے ہانگ کانگ کو برتری دلا دی۔

پاکستان کے محمد اشعب عرفان نے دوسرے میچ میں ذمہ داری سنبھالی اور لیونگ چی ہن ہنری کو صرف 23 منٹ میں 5-11، 11-13 اور 7-11 سے شکست دے کر مقابلہ برابر کردیا۔ فیصلہ کن میچ میں ناصر اقبال نے پہلے گیم میں 10-12 سے شکست کے بعد بہترین انداز میں واپسی کی۔ انہوں نے اگلے تین گیمز 3-11، 9-11 اور 12-14 سے جیت کر پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔

اب پاکستان جمعہ کو طلائی تمغے کے لیے میدان میں اترے گا، جہاں فائنل میں اس کا مقابلہ بھارت یا ملائیشیا سے ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں