✓
آصف محمود
اسلام آباد کو کیش لیس نہیں ، پہلے ڈاگ لیس سٹی بنائیں
خبر ہے کہ حکومت اسلام آباد کو کیش لیس سٹی بنانا چاہ رہی ہے۔ جان کی امان پاؤں تو کیا میں یہ درخواست کر سکتا ہوں کہ کیش لیس والے چونچلے بعد میں پورے ہوتے رہیں گے پہلے اسلام آباد کو ڈاگ لیس شہر بنائیے.
اسلام آباد کے گلی کوچوں، چوراہوں، بازاروں، سکولوں کے باہر اور حتیٰ کہ جدید سوسائٹیوں میں بھی آوارہ کتوں کا راج ہے۔ یہ خبر تو آپ سب پڑھ ہی چکے ہوں گے کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ایک طالب علم کو کتے نے کاٹا اور وہ جاں بحق ہو گیا۔
آئیے، میں آج آپ کو اسلام آباد کے سب سے مشہور ہسپتال کا قصہ سناتا ہوں۔
یہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ، یعنی این آئی ایچ، ہے، جس کا ویکسینیشن سینٹر پاکستان کا سب سے بڑا ویکسینیشن سینٹر ہے۔ ایک ویکسین کے سلسلے میں کل میرا وہاں جانے کا اتفاق ہوا۔
پہلے مرکزی گیٹ سے گزرا، اس کے بعد متعلقہ ہسپتال کا گیٹ آیا، وہاں بھی گارڈ موجود تھا۔ وہاں سے گزرا، ہسپتال کے اندر داخل ہوا تو ویکسینیشن سینٹر ایک الگ بلاک میں موجود تھا۔ اس بلاک کا دروازہ کھول کر اندر داخل ہوا تو ویکسینیشن سینٹر میں مریضوں کے بیٹھنے کے لیے جو جگہ مختص تھی، وہاں ایک آوارہ کتا آرام فرما رہا تھا۔
یعنی اسلام آباد کے گلی کوچوں میں تو کتوں کا راج ہے ہی، اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال کے ویکسینیشن سینٹر میں بھی آوارہ کتوں کا راج تھا۔
اس سے بھی زیادہ پریشانی کی بات یہ تھی کہ وہاں ڈاکٹرز بھی گزر رہے تھے، سٹاف بھی گزر رہا تھا اور مریض بھی گزر رہے تھے، مگر کسی نے اس آوارہ کتے کی طرف کوئی توجہ نہیں کی۔
میں نے ایک سٹاف ممبر سے پوچھا، اگر یہ کتا کسی کو کاٹ لے تو کیا آپ کے پاس کتے کے کاٹے کی ویکسین دستیاب ہے؟ جواب ملا، نہیں، یہ ویکسین تو ہمارے پاس دستیاب نہیں ہے۔
پھر میں نے کیمرہ نکالا تاکہ اس کی ویڈیو بنا لوں۔ جیسے ہی مجھے ویڈیو بناتے دیکھا گیا، شور مچ گیا: کتے کو بھگائیں، کتے کو بھگائیں۔
اب سوال یہ ہے کہ اسلام آباد کے ان آوارہ کتوں سے نجات کی کیا کوئی صورت موجود ہے؟
کیا اسلام آباد میں یہ سمجھ لیا جائے کہ شہریوں سے زیادہ کتوں کے حقوق ہیں؟
اسلام آباد کا عجیب معاملہ ہے۔ یہاں ایک اربن اسلام آباد ہے اور ایک دیہی یا نیم اربن اسلام آباد۔ جو شہری اسلام آباد ہے، اس کے بھی پھر دو تین حصے ہیں۔ ایک ایلیٹ کا اسلام آباد ہے اور ایک قدرے کم امیر لوگوں کا اسلام آباد ہے۔ جدید ہاؤسنگ سوسائٹیاں ان علاقوں میں بنی ہیں جو ایک زمانے میں دیہی علاقے ہوا کرتے تھے۔
اب صورتحال یہ ہے کہ بغیر کسی علاقے کی تمیز کے آوارہ کتے ہر جگہ پھر رہے ہیں۔
سی ڈی اے اپنے بائیس ہزار افراد کے سٹاف کے ساتھ اس مسئلے سے بالکل لاتعلق ہو چکی ہے۔ سی ڈی اے سے بات کریں تو اس کی نچلی سطح کے اہلکار بہت آرام سے سارا معاملہ عدالت پر ڈال دیتے ہیں۔
حالانکہ عدالت نے اپنے فیصلے میں صرف یہ نہیں کہا تھا کہ کتوں کو مارنا منع ہے، بلکہ ایک پورا میکانزم بھی دیا تھا کہ کتوں کو پکڑا جائے، ان کی نس بندی کی جائے اور پھر انہیں ویکسین لگا کر چھوڑا جائے۔
اب سی ڈی اے نے اس فیصلے کے صرف ایک حصے پر عمل کیا ہے کہ کتوں کو مارنا نہیں ہے۔ باقی کسی چیز پر کوئی عمل نہیں ہوا۔ نہ کسی کتے کو ٹیگ کیا گیا ہے، نہ نس بندی کا کوئی باقاعدہ انتظام موجود ہے، نہ کوئی ڈاگ سنٹر ہے۔
اسلام آباد میں بہت کچھ نیا تعمیر کیا جا رہا ہے تو کیا اسلام آباد میں لاوارث کتوں کے لیے پناہ گاہ نہیں بنائی جا سکتی؟
اور اگر آپ سمجھتے ہیں کہ پاکستان ابھی وہاں تک نہیں پہنچا کہ وہ کتوں کو پکڑے، ان کی نس بندی کرے، ان کی ٹیگنگ کرے اور یہ شناخت کر سکے کہ کون سا کتا خطرناک ہے اور کون سا نہیں، تو پھر سی ڈی اے کو چاہیے کہ وہ عدالت میں جا کر اپنا موقف پیش کرے اور اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کرے۔
لیکن سی ڈی اے بالکل لاتعلق ہو چکی ہے اور جن جدید سوسائٹیوں میں کتے پھر رہے ہیں، ان سوسائٹیوں کی انتظامیہ بھی اس معاملے سے لاتعلق ہو چکی ہے۔
کئی دفعہ میں نے خود یہ مناظر دیکھے ہیں کہ سکول کے بچے، اور اچھے سکولوں کے بچے، سکول کے گیٹ پر رکے کھڑے ہیں کیونکہ آگے پوری ڈاگ الیون موجود ہے۔
تو اسلام آباد کو جدید شہر بنانے سے پہلے اگر اسلام آباد کو انسانوں کا شہر بنانے کے بارے میں کچھ سوچ لیا جائے تو شاید یہ زیادہ بہتر ہو۔
اسلام آباد عملاً ایک لاوارث شہر ہے۔ یہاں کوئی مقامی حکومت نہیں ہے، یہاں کا کوئی ایم پی اے نہیں ہے۔ یہاں کے جو معاملات ہیں، وہ سی ڈی اے دیکھ رہی ہے یا افسر شاہی دیکھ رہی ہے۔
افسر شاہی میں چیف کمشنر ہے، جس کے پاس وزیر اعلیٰ کے اختیارات ہیں۔ یہ مکمل نوآبادیاتی منصب ہے، جو دور غلامی میں انگریز نے تشکیل دیا تھا، اور ہم آج بھی اسی کو لے کر چل رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے اختیارات ایک بیوروکریٹ کو دے دیے گئے ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ کی تو ایک حزب اختلاف ہوتی ہے جو اس کے اوپر چیک اینڈ بیلنس رکھتی ہے۔ چیف کمشنر کی تو کوئی حزب اختلاف بھی نہیں ہوتی۔
ایک عام آدمی چیف کمشنر سے ملنا کیا، ملنے کا تصور ہی نہیں کر سکتا۔ چیف کمشنر تو دور کی بات ہے، ایک عام آدمی تو اسی نظام میں نچلی سطح کے متعلقہ افسر سے بھی نہیں مل سکتا۔
یہ چھوٹے چھوٹے وائسرائے ہیں۔ یہ عوام کے کام کرنے یا عوام کو فیسلیٹیٹ کرنے نہیں بیٹھے ہوئے۔ یہ خود کو عوام کا حاکم سمجھتے ہیں۔ یہ بالکل ایک نوآبادیاتی نفسیات ہے جس کو یہ لوگ لے کر چل رہے ہیں۔
تو ایسے میں عام آدمی کہاں جائے؟
رات اس موضوع پر میں نے سابق وزیر صحت اور پمز کے سابق سربراہ ڈاکٹر جاوید اکرم صاحب سے بھی بات کی۔ انہوں نے جو منظر پیش کیا وہ انتہائی خوفناک ہے کہ اگر کسی کو کتا کاٹ لے تو اس کے بعد کی صورتحال کتنی تکلیف دہ اور کتنی اذیت ناک ہوتی ہے۔
پمز کے سابق سربراہ ڈاکٹر امجد محمود بھی شریک گفتگو تھے اور ان کا بھی یہی کہنا تھا کہ اگر آپ کسی کو کتے کے کاٹے کے مریض کی صورتحال کی ویڈیو دکھا دیں تو اس کی سات نسلیں کبھی غفلت کا مظاہرہ نہیں کریں گی۔
اب معاملہ یہ ہے کہ اسلام آباد کی سوسائٹیوں کو، انتظامیہ کو، سی ڈی اے کو، اسلام آباد کے چیف کمشنر کو، کہاں سے یہ ویڈیوز دکھائی جائیں؟
یہ تو ظاہر ہے کہ محفوظ گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں، ان کی محفوظ ٹریولنگ ہے۔ نہ یہ عوام میں آتے ہیں، نہ ان عوام کے مسائل کا کوئی اندازہ ہے۔
لیکن اسلام آباد کا عام شہری کہاں جائے؟
پارکوں میں آوارہ کتے ہیں، ہوٹلوں کے باہر آوارہ کتے ہیں، گلیوں میں آوارہ کتے پھر رہے ہیں، بازاروں میں آوارہ کتے پھر رہے ہیں۔
عدالتی فیصلے میں کتوں کو مارنے کی ایک ہی صورت بیان کی گئی ہے کہ اگر کوئی کتا جارحانہ مزاج رکھتا ہو اور بیمار ہو تو اسے مارا جا سکتا ہے، اور اس کے لیے بھی سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا سی ڈی اے نے کوئی ایسا سروے کرنے کی کوشش کی ہے کہ کون سا کتا جارحانہ مزاج رکھتا ہے، کس سے کون خطرناک ہو سکتا ہے، کس کو بظاہر کوئی بیماری ہے؟
یعنی اس عدالتی فیصلے کے بعد سی ڈی اے نے اس فیصلے پر عمل کرنے کی بجائے مکمل طور پر اس مسئلے سے ہاتھ کھڑے کر لیے ہیں۔ اب آپ کی قسمت ہے کہ آپ کو، آپ کے بچوں کو اور آپ کے اہل خانہ میں سے کسی کو یہ آوارہ کتے کاٹتے ہیں یا نہیں کاٹتے۔
اسلام آباد اس وقت آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر ہے اور حکمرانوں کی بے نیازی یہ ہے کہ وہ اسے کیش لیس سٹی بنانے چلے ہیں۔
حکمرانوں کا مسئلہ ہی یہ ہوتا ہے کہ یہ نہ عوام میں سے ہوتے ہیں، نہ ان کے مسائل عوام جیسے ہوتے ہیں، نہ ان کا رہنا اور جینا عوام جیسا ہوتا ہے، نہ ان کی سوچ عوام جیسی ہوتی ہے۔ یہ کسی اور ہی دنیا کی مخلوق ہوتے ہیں۔ ان کے کچھ اور ہی مسائل ہوتے ہیں۔
چنانچہ اس وقت جب اسلام آباد کے شہری آوارہ کتوں کی اذیت سے دوچار ہیں، آپ اسلام آباد کی اشرافیہ کی ذرا بحث دیکھیے کہ کن موضوعات پر ہو رہی ہے۔
کوئی حد بندیاں اسلام آباد کی بدل رہا ہے، کوئی نئے صوبے بنانے کے چکروں میں ہے، لیکن جو اصل مسائل ہیں، ان پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں۔
اسلام آباد میں پینے کا پانی نہیں ہے۔ اسلام آباد میں صفائی کے انتظامات ناقص ہیں۔ اسلام آباد کی گلیوں میں تو آوارہ کتے ہیں ہی، اسلام آباد کے ہسپتالوں کے ویکسینیشن سینٹروں میں بھی آوارہ کتوں کی عملداری ہے۔
ان مسائل پر نہ کسی کے پاس توجہ دینے کا وقت ہے، نہ ان پر بات کرنے کا۔
اسلام آباد کے لوگوں کو یہ سہولت بھی حاصل نہیں ہے کہ وہ اپنی بات اہل اقتدار تک پہنچا سکیں۔
اسلام آباد میں ایک تو وفاقی حکومت ہوتی ہے، جو ظاہر ہے اسلام آباد کی نہیں پورے ملک کی نمائندہ ہوتی ہے وہ اسلام آباد کے شہریوں کی کیوں سنے گی۔ اس کے نیچے پھر ایک بیوروکریسی ہوتی ہے اور وہ بھی عوام کی نمائندہ نہیں ہوتی، وہ بھی حکمرانوں کی خادم ہوتی ہے۔
عوام نہ چیف سیکریٹری سے مل سکتے ہیں، نہ چیئرمین سی ڈی اے سے۔ عوام کا نہ کوئی کونسلر ہے، نہ کوئی مقامی نمائندہ، نہ یونین کونسل کی سطح پر کوئی حکومت۔
اور ہم چلے ہیں اسلام آباد کو کیش لیس سٹی بنانے۔
ہمارے لیے تالیاں ہونی چاہئیں۔ ہمارے لیے تالیاں بجائیے. ہے کوئی ہم سا.