انسان جب اپنی چھٹیوں کے بارے میں اس زاویے سے سوچے کہ بچپن کی طرح ان چھٹیوں کو خوبصورت انداز میں کیسے گزارا جا سکتا ہے، تو یہ ایک خوبصورت تجربہ ہوتا ہے۔ چھٹیوں یا تہواروں کے موقع پر بہت سے لوگوں کو پرانی خوشگوار یادیں شدت سے یاد آتی ہیں۔ گھر کی روایات، پسندیدہ کھانے، مانوس آوازیں، خاندان کے ساتھ وقت اور بچپن کے لمحات انسان کو جذباتی طور پر ماضی سے جوڑ دیتے ہیں۔
اس کیفیت کو انگریزی زبان میں ‘نوسٹلجیا’ یعنی ماضی کی خوشگوار یادوں سے جذباتی وابستگی کہا جاتا ہے۔ یہ احساس کبھی خوشی دیتا ہے اور کبھی ہلکی سی اداسی بھی، کیونکہ انسان کو وہ وقت یاد آتا ہے جو گزر چکا ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق نوسٹلجیا کو پہلے ذہنی دباؤ یا اداسی کی علامت سمجھا جاتا تھا، لیکن آج اسے ایک مثبت جذبہ بھی سمجھا جاتا ہے، جو انسان کو اپنے ماضی، رشتوں اور شناخت سے جوڑتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق خوشگوار یادیں انسان کے موڈ کو بہتر بنا سکتی ہیں، تنہائی کم کر سکتی ہیں، خود اعتمادی بڑھا سکتی ہیں اور زندگی میں معنی کا احساس پیدا کر سکتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب انسان اپنے ماضی کے اچھے لمحوں کو یاد کرتا ہے تو دماغ میں خوشی اور سکون سے جڑے کیمیکلز متحرک ہو سکتے ہیں، جس سے ذہنی دباؤ، بے چینی اور تنہائی کا احساس کم ہو سکتا ہے۔
چھٹیوں کے دوران نوسٹلجیا رشتوں کو بھی مضبوط بنا سکتی ہے۔ پرانی روایات کو دوبارہ زندہ کرنا، خاندان کے ساتھ کھانے بنانا، پرانی تصاویر دیکھنا، بچوں کو گھر کی پرانی باتیں سنانا یا دوستوں سے رابطہ کرنا تعلقات میں قربت پیدا کر سکتا ہے۔
تاہم پرانی یادیں ہر شخص کے لیے خوشگوار نہیں ہوتیں۔ کچھ لوگوں کے لیے چھٹیاں کسی عزیز کی کمی، پرانے صدمے یا مشکل گھریلو تجربات کو بھی تازہ کر سکتی ہیں۔ ایسے افراد کے لیے نوسٹلجیا خوشی کے بجائے اداسی یا غم کا باعث بن سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ماضی کو یاد کرنا فائدہ مند ہو سکتا ہے، لیکن انسان کو حال میں بھی جینا چاہیے۔ اگر پرانی یادیں مسلسل بے چینی، افسردگی یا تنہائی بڑھا رہی ہوں تو انہیں صحت مند انداز میں سنبھالنا ضروری ہے۔
موڈ بہتر بنانے کے لیے پرانی یادوں کو حال کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر بچپن کی کوئی پسندیدہ ڈش بنانا، خاندان کے ساتھ پرانی روایت دوبارہ شروع کرنا، کسی عزیز کو فون کرنا یا پرانی یادوں کو ڈائری میں لکھنا مددگار ہو سکتا ہے۔
اگر کسی عزیز کی وفات یا جدائی کے باعث چھٹیوں کا موسم مشکل لگے تو شکرگزاری، دعا، خاموش یاد، یا اس شخص سے جڑی اچھی روایت کو جاری رکھنا دل کو سکون دے سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نوسٹلجیا کا بہترین استعمال یہ ہے کہ ماضی کی اچھی یادوں سے طاقت لی جائے، مگر حال کے رشتوں، ذمہ داریوں اور خوشیوں کو نظر انداز نہ کیا جائے۔