پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ضلع باغ کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ جاری

پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ضلع باغ کے دو حلقوں میں 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ جاری ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

حلقہ ایل اے 15 باغ سینٹرل میں گزشتہ مرحلے کے دوران پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر نے 16 ہزار 637 ووٹ حاصل کیے تھے، جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق احمد منہاس 15 ہزار 15 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ جماعت اسلامی کے ریٹائرڈ بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد خان نے 12 ہزار 259 ووٹ حاصل کیے تھے۔ تاہم حلقے کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن نے نتیجہ روک لیا تھا۔

اسی طرح ایل اے 16 مشرقی باغ میں 14 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ نہ ہونے کے باعث نتیجہ جاری نہیں کیا گیا۔ ان پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 7 ہزار 238 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

باقی پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر 19 ہزار 515 ووٹوں کے ساتھ اپنے حریف پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان سے 3 ہزار 225 ووٹ آگے تھے۔

چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی مناسب تعداد تعینات کی گئی ہے تاکہ ووٹرز کو پُرامن اور خوف سے آزاد ماحول فراہم کیا جا سکے۔

جموں و کشمیر انتخابات کے پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ ن 24 نشستیں جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔ تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کی تمام 11 نشستوں پر پولنگ ہونا تھی، تاہم امن و امان کے خدشات کے باعث صرف باغ اور حویلی میں انتخابات کرائے گئے۔

بعد ازاں باغ کے دو حلقوں کے نتائج 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ تک روک دیے گئے تھے۔

#ajkelections #bagh #azadkashmir #polling #electionnews

اپنا تبصرہ لکھیں