نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے چِپ کے بغیر نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے، جس میں گزشتہ 14 سال سے استعمال ہونے والی درآمدی مائیکروچِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل ہوگا۔
نادرا کے مطابق نیا کارڈ کراچی میں نیشنل سیکیورٹی پرنٹنگ کمپنی نے نادرا کی تکنیکی اور سکیورٹی ضروریات کے مطابق مقامی طور پر تیار کیا ہے۔
کیو آر کوڈ کو اسمارٹ فون کے ذریعے نادرا کی پاک آئیڈینٹیٹی (PakID) موبائل ایپ سے اسکین اور تصدیق کیا جا سکے گا۔ اس کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی معلومات اور تصویر شامل ہوگی۔
نادرا کے مطابق نئے کارڈ سے اداروں کو نام، پتہ اور دیگر شناختی تفصیلات اپنے سسٹم میں درج کرنے میں آسانی ہوگی اور ڈیٹا انٹری میں غلطیوں کے امکانات بھی کم ہوں گے۔
کارڈ پر فیملی نمبر کے ساتھ معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضا عطیہ کرنے والوں اور پاکستان کے زیرِ انتظام موں و کشمیر کے شہریوں کی شناخت کے لیے مخصوص علامات بھی درج ہوں گی۔ نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں لکھا جائے گا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، ہسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو بھی کیو آر کوڈ پڑھنے اور تصدیق کرنے کے لیے سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا۔
نئے کیو آر کوڈ کارڈ کا اجرا مرحلہ وار ہوگا۔ پہلے مرحلے میں یہ عام شناختی کارڈ کی جگہ جاری کیا جائے گا، جبکہ جنوری 2027 سے اوورسیز پاکستانیوں کے شناختی کارڈ (NICOP) اور جووینائل کارڈ سمیت تمام اقسام کے شناختی کارڈ بھی اسی فارمیٹ میں جاری ہوں گے۔ آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ (POC) کو بھی چِپ کے بغیر نظام پر منتقل کیا جائے گا۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے جاری تمام شناختی کارڈ اپنی مقررہ میعاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔
#nadra #cnic #pakistan #digitalidentity #technologynews