تین روز کی مسلسل کمی کے بعد عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت ایک بار پھر بڑھ گئی، عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 43 ڈالر مہنگا ہوگیا۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں اضافے کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 4 ہزار 191 ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے اثرات پاکستانی صرافہ بازاروں میں بھی نمایاں ہوئے۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 ہزار 300 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 41 ہزار 636 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 686 روپے کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 631 روپے ریکارڈ کی گئی۔
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 20 سینٹس مہنگی ہوکر 61 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ اس اضافے کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 20 روپے بڑھ کر 6 ہزار 578 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی 17 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 639 روپے کی سطح پر آگئی۔
عالمی منڈی میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی کا رجحان بھی سامنے آیا ہے۔ امریکا ایران کشیدگی برقرار رہنے کے باوجود امریکا کی جانب سے ایران پر عائد بعض پابندیوں میں نرمی کے فیصلے کو تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔