سہہ ملکی سیریز، پاکستان افغانستان سے میچ ہار گیا

شارجہ میں جاری ٹرائی اینگولر سیریز کے ایک میچ میں افغانستان نے پاکستانی ٹیم کو اٹھارہ رنز سے شکست دے دی۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بیس اوورز میں 169 رنز بنائے اور ایک سو ستر رنز کا ہدف دیا۔ پاکستانی ٹیم بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 151رنز بنا پائی۔ پاکستانی ٹاپ آرڈر شروع ہی سے مشکلات کا شکار ہوئی جب صائم ایوب اپنی پہلی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے جبکہ صاحبزادہ فرحان، فخرزماں ، سلمان آغا جلد آوٹ ہوگئے۔ حسن نواز، محمد حارث بھی کچھ نہ کر پائے۔ فہیم اشرف اور محمد نواز نے وکٹ پر ٹھیرنے کی کوشش کی مگر وہ تیزی سے رنز نہ بنا سکے۔

پاکستانی ٹیم کی ہار کا مارجن زیادہ بڑا ہوتا، اگر آخری اوور میں حارث روف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکوں کی مدد سے چونتیس رنز نہ بناتے، حارث روف نے راشد خان کو بھی ایک اوور میں دو چھکے رسید کئے، مگر تب دیر ہوچکی تھی اور اس ہارڈ ہٹنگ کا ٹیم کو فائدہ نہیں مل پایا۔

اس سے پہلے افغانستان کی ٹیم میں صدیق اللہ اتل اور ابراہیم زادران نے اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے بڑی پارٹنر شپ بنائی، دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں،صائم ایوب نے عمدہ باولنگ کرائی اور چار اوورز میں صرف سولہ رنز دئیے ۔ آخری اوورز میں فہی اشرف نے اچھی باولنگ کرائی اور چار وکٹیں حاصل کر لیں، ورنہ افغانستان کی ٹیم دو سو کا ہدف دے سکتی تھی۔

پاکستان نے ٹورنامنٹ میں تین میچ کھیلے اور دو جیتے ہیں۔ پاکستان افغانستان کو پچھلے میچ میں ہرا چکا ہے۔ اب پاکستان کا اگلا میچ متحدہ عرب امارات سے ہے اور متوقع طور پر فائنل میں پھر افغانستان سے میچ ہوسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں